محترمہ بے نظیر بھٹو نےکسانوں، مزدوروں اور پسے ہوئے طبقات کی بحالی اور ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لئے مردانہ وار جنگ لڑی،سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

70

اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو مسلم اُمہ اور پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم تھیں ،انہوں نے کسانوں، مزدوروں اور پسے ہوئے طبقات کی بحالی اور ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لئے مردانہ وار جنگ لڑی،شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کی ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لئے دی جانے والی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جاے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بینظیر بھٹو کی 69ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا جو ہر سال 21 جون کو منائی جاتی ہے۔

سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ بے نظیر بھٹو آخری وقت تک صبر و حوصلے سے اپنے مشن پر کاربند رہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شہید بی بی کا مشن جمہوری نظام اور مساوات پر مبنی معاشرے کا قیام اور قائد اعظم کے افکار کی روشنی میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کی تکمیل تھی۔سپیکر راجہ پرویز اشرف نے نے کہا کہ عوام نے تمام تر مشکلات کے باوجود اداروں کی مضبوطی اور آئین کی بالادستی کے لیے ہمیشہ جدو جہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو کے افکار کی روشنی میں وفاق اور صوبوں کے مابین ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو اپنا کر ہم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔سپیکر نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد جس طرح آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی اور ملک کو سنبھالا وہ قابل تحسین ہے۔انہوں نے پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوے کہا کہ بلاول بھٹو کی قیادت میں پارٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن پر گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب ہم سب ملکر ملک کو درپیش چیلنجوں نے نکالنے میں کامیاب ہونگے۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نظریے پر عمل پیرا ہو کر ملک کو درپیش مسائل سے نکالا جا سکتا ہے۔