محرم الحرام کے دوران سکیورٹی و دیگر آپریشنز کی کامیابی سے تکمیل پر محکمہ داخلہ پنجاب میں تقریب تقسیم اسناد کا انعقاد

محرم الحرام کے دوران سکیورٹی اور انتظامی آپریشنز کی کامیاب تکمیل پر محکمہ داخلہ پنجاب میں نمایاں خدمات انجام دینے والے افسران و اہلکاروں میں اسناد تقسیم کی گئیں۔

لاہور۔10جولائی (اے پی پی):محرم الحرام کے دوران سکیورٹی و دیگر آپریشنز کی کامیابی سے تکمیل پر محکمہ داخلہ پنجاب میں تقریبِ تقسیمِ اسناد کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کے دوران سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے محرم الحرام میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاران میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ نے محرم الحرام کے دوران بہترین فرائض سر انجام دینے والے افسران و اہلکاران کو بھرپور سراہا۔ انکا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں قیام امن کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں اور عشرہ محرم الحرام کے دوران محکمہ داخلہ کا مرکزی کنٹرول روم 24/7 پنجاب بھر سے رپورٹس لیتا رہا۔ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے بتایا کہ محکمہ داخلہ کے ڈیجیٹل میڈیا سیل نے5 ہزار سے زائد فرقہ وارانہ نفرت آمیز سوشل میڈیا اکائونٹس پی ٹی اے کو رپورٹ کئے۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ داخلہ کا محرم پورٹل پنجاب بھر کی تازہ صورتحال جانچنے کیلئے معاونت کرتا رہا۔عشرہ محرم الحرام کی طرح چہلم کیلئے بھی سکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل سپیس میں انتشار کی روک تھام کیلئے بھرپور سائبر پٹرولنگ کی جا رہی ہے۔سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ عوام کے جان و مال اور عزت و آبرو کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے۔سوشل میڈیا پر فرقہ واریت کو ہوا دینے والے عناصر سے سختی سے نمٹ رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر شرانگیزی پر پیکا اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کارروائی ہو گی۔ تقریبِ تقسیمِ اسناد کے موقع پر سپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید، سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ عاصمہ اعجاز چیمہ، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی ماہم آصف ملک، ایڈیشنل سیکرٹری سپیشل انیشیٹو عبدالرئوف، ڈائریکٹر سول ڈیفنس تسنیم علی خان اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔