کوئٹہ۔ 09 جولائی (اے پی پی):مجلس علما پاکستان کے رہنمائوں نے کہاہے کہ محرم الحرام کے مقدس ماہ میں امن قائم رکھناپوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے ، اتحاد بین المسلمین احترام انسانیت ،بین المذاہب ہم آہنگی اور پیغام پاکستان کافروغ وقت کی اہم ضرورت ہے ، قیام امن کے لئے سیکورٹی اداروں کے ساتھ عوام تعاون کریں ۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولاناعبدالخبیر آزاد ، مولانا انوارالحق حقانی ، قاری مہراللہ ، علامہ ہاشم موسوی ، پادری سائمن بشیر اور دیگر نے کوئٹہ پریس کلب میں اتحاد امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولاناعبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پاکستان متحد ہے اور ہمیشہ رہیگا ،دشمن طاقتوں کا ناپاک ایجنڈا کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ہم ایک متحد قوم بن کر دشمن کو شکست دے سکتے ہیں اخوت اور بھائی چارہ رواداری کو سامنے رکھیں ، اتحاد اور بین المسالک وبین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ، پیغام پاکستان کافروغ وقت کی ضرورت ہے،مولانا عبدالخبیر آزادنے کہاکہ ملکی سلامتی کیلئے علما کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ اسلام امن رواداری کا پیغام دیتا ہے پیغام پاکستان کے فروغ کے لئے علما کرام منبر اور محراب سے آگاہی پیداکریں، اگر ملک میں استحکام ہوگا توپاکستان ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو گا ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں تمام علماکرام پر زور دیا کہ محرم الحرام کے دوران قیام امن کویقینی بنانے کیلئے افواج ،پولیس ، انتظامیہ اور دیگراداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔