محرم کا مہینہ ہمیں رسول اللہ ﷺکی ہجرت اور کربلا میں حضرت امام حسین ؑاور ان کے وفادار ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے،گورنربلوچستان

گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے محرم الحرام کے آغاز پر پوری امت مسلمہ کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ نیا اسلامی سال سب کیلئے دیرپا امن، معاشی خوشحالی اور ترقی کا ذریعہ بنائے۔ محرم کا مہینہ ہمیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ہجرت اور کربلا میں حضرت امام حسینؑ

کوئٹہ۔ 17 جون (اے پی پی):گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے محرم الحرام کے آغاز پر پوری امت مسلمہ کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ نیا اسلامی سال سب کیلئے دیرپا امن، معاشی خوشحالی اور ترقی کا ذریعہ بنائے۔ محرم کا مہینہ ہمیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ہجرت اور کربلا میں حضرت امام حسینؑ اور ان کے وفادار ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے جو کہ ہمت، انصاف اور ظلم کے خلاف کھڑے ہونے کا لازوال سبق ہے۔ ماہ مقدس کے پیش نظر گورنر مندوخیل نے تمام ضلعی انتظامیہ کو محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ خاص طور پر صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں عبادت گاہوں، امام بارگاہوں اور جلوس کے راستوں کے اردگرد سیکورٹی بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ تمام متعلقہ اداروں کو باہمی روابط کو بڑھانا چاہیے۔

ڈپٹی کمشنرز اور پولیس افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ چوکس رہیں، کسی بھی مسئلے کو فوری طور پر حل کریں اور عاشورہ کی تقریبات اور جلوسوں کیلئے پرامن ماحول کو یقینی بنانے کیلئے حفاظتی اقدامات کی ذاتی طور پر نگرانی کریں۔ انہوں نے علمائے کرام اور خطیبوں پر زور دیا کہ وہ خطبات اور اجتماعات کے دوران رواداری، اتحاد، بھائی چارے اور باہمی احترام کے پیغام کو عام کریں۔ ان حساس دنوں میں گورنر مندوخیل نے میڈیا کے تمام نمائندوں اور صحافیوں سے ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے پر زور دیا۔ میڈیا والوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ سنسنی خیزی سے گریز کریں، نشریات سے پہلے معلومات کی تصدیق کریں اور امن، صبر اور بین المذاہب ہم آہنگی کے جذبے کو اجاگر کریں۔