وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ مارگلہ ایونیو کو موٹروے کے ساتھ منسلک کرنے کا منصوبہ چند ہفتوں میں مکمل ہوجائے گا۔اسلام آباد میں جدید ترین چڑیا گھر بننے کے بعد کسی کو سیر وتفریح کے لئے پاکستان سے باہر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی
محسن نقوی کا سنگجانی کے قریب مارگلہ روڈ توسیعی منصوبے کا دورہ، موٹروے لنک چند ہفتوں میں مکمل ہو جائے گا، اسلام آباد میں عالمی معیار کا سفاری پارک بنے گا: وزیر داخلہ محسن نقوی

مزید خبریں
اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ مارگلہ ایونیو کو موٹروے کے ساتھ منسلک کرنے کا منصوبہ چند ہفتوں میں مکمل ہوجائے گا۔اسلام آباد میں جدید ترین چڑیا گھر بننے کے بعد کسی کو سیر وتفریح کے لئے پاکستان سے باہر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
وہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب سنگجانی کے قریب مارگلہ روڈ توسیع منصوبے کے جائزہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہےتھے ۔چیئرمین سی ڈی اے اور آئی جی اسلام آباد پولیس اور سی ڈی اے تکنیکی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ا س انٹرچینج کی تعمیر سے خیبر پختونخوا سے آنے والے مسافروں اور ایئرپورٹ کا رخ کرنے والوں کو نمایاں فائدہ حاصل ہوگا۔ اس کے فعال ہونے کے بعد لوگ باآسانی اپنے متعلقہ علاقوں کی جانب سفر کر سکیں گے۔ اگرچہ اس منصوبے کی باضابطہ ڈیڈ لائن اپریل مقرر کی گئی ہے، تاہم امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس منصوبے کو آئندہ چند ہفتوں کے اندر ہی مکمل کر کے ختم کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شکرپڑیاں کے قدرتی جنگل کو بحال کرنے کے سب سے بڑے اور اہم منصوبے کا آغاز بھی جلد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں بین الاقوامی معیار کا سفاری پارک قائم کیا جائے گا، جس کے بعد شہریوں کو تفریح کی غرض سے بیرون ملک جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ توقع ہے کہ اس پارک میں نہ صرف پاکستان بھر سے بلکہ دنیا بھر سے بھی سیاح آئیں گے، اور غیر ملکی سیاح خصوصی طور پر اس سفاری پارک میں ایک سے دو دن قیام بھی کریں گے۔
چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے مارگلہ ایونیو توسیعی منصوبے (N-5 تا M-1) پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں بلاتعطل ٹریفک کے بہاؤ اور موٹروے رابطوں کو بہتر بنانے کے لیے جاری اس اہم منصوبے پرتیزی سے کام جاری ہے ۔ اس وقت فیلڈ میں مجوزہ انٹرچینج پل کے پائل ورک، فاؤنڈیشن کی کھدائی، ریٹیننگ و ایبٹمنٹ والز کی کنکریٹ سازی سمیت سڑک کے راستے پر ارتھ ورک اور سب بیس کی تیاری کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے، جبکہ منصوبے کے راستے میں حائل یوٹیلیٹی لائنوں کی منتقلی اور سائٹ کلیئرنس کے عمل کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جا رہا ہے تاکہ اراضی اور تکنیکی رکاوٹوں کے باعث تعطل کا شکار حصوں پر کام کو بلا تاخیر بحال کر کے اسے مقررہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔







