محسن نقوی کی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پرستائش
محسن نقوی کی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پرستائش

مزید خبریں
اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف سکیورٹی فورسز کی پے در پے کامیاب کارروائیوں کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے فورسز کے بہادر سپوتوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیر داخلہ نے مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں موثر آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 36 دہشت گردوں کی ہلاکت کو سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی قرار دیا۔
انہوں نے خصوصاً قلات میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو جہنم رسید کرنے پر فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی ستائش کی اور کہا کہ جری جوانوں نے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے ہیں۔
محسن نقوی نے دہشت گردوں کے خلاف مسلسل اور مؤثر کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم کو سلام پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں امن دشمنوں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔







