محمد افضل کھوکھر کو چیئرمین پنجاب ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی تعینات کر دیا گیا

136
Muhammad Afzal Khokhar
Muhammad Afzal Khokhar

لاہور۔19مئی (اے پی پی):حکومت پنجاب کی جانب سے کابینہ کی منظوری کے بعد محمد افضل کھوکھر کو چیئرمین پنجاب ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی تعینات کر دیا گیاہے۔ محمد افضل کھوکھر 2016سے 2018تک اور 2022میں بھی اس عہدے پر تعینات رہ چکے ہیں۔ انہوں نے اپنے سابقہ دورانیہ میں ماڈل بازار کی بہتری کیلئے خدمات سر انجام دی ہیں جس میں نہ صرف بازاروں کی توسیع بلکہ نئے بازاروں کی تعمیر بھی شامل ہے۔

رمضان المبارک میں محمد افضل کھوکھر نے پنجاب بھر کے ماڈل بازاروں کا خود دورہ کیا اور یہاں یہ بات قابل رشک ہے کہ وہ یہ تمام خدمات بغیر کسی سرکاری معاوضے اور پروٹوکول کے سر انجام دے رہے ہیں ۔ماڈل بازار حکومت پنجاب کی طرف سے عوام کی خدمت کیلئے ایسا منصوبہ ہے جس میں بنیادی ضرورت اشیا خوردونوش کی فراہمی نہ صرف ڈی سی کے مقرر کردہ نرخوں پر دستیاب ہیں بلکہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جاتا ہے کہ صاف ستھرے اور محفوظ ماحول کے اندر تمام سہولیات عوام کو مہیا کی جائیں ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازنے خصوصی ہدایت کی ہے کہ ماڈل بازاروں کا دائرہ کار پنجاب کے تمام اضلاع تک وسیع کیا جائے جس پر محمد افضل کھوکھر نے وزیر اعلیٰ کو یقین دہانی کروائی کہ وہ اپنی ماڈل بازار انتظامیہ کی ٹیم کے ساتھ مل کرماڈل بازاروں کا دائرہ کار 24اضلاع سے بڑھا کر پنجاب کے تمام اضلاع اور تحصیل سطح تک وسیع کرنے کیلئے کوشاں ہیں اور اسی مرحلے میں شامل نئے بنائے جانے والے بازاروں میں مظفرگڑھ ، پتوکی اور منڈی بہاؤالدین سر فہرست ہیں جن پر بہت جلد تعمیراتی کام شروع کیا جائے گا۔