محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی میں مینگو اینڈ ڈیٹس فیسٹیول کا شاندار آغاز

محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی میں مینگو اینڈ ڈیٹس فیسٹیول کا شاندار آغاز

ملتان۔ 04 جولائی (اے پی پی):محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان میں دو روزہ مینگو اینڈ ڈیٹس فیسٹیول 2026 کا رنگا رنگ آغاز ہوگیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان تھے، جبکہ وائس چانسلرز، زرعی ماہرین، برآمد کنندگان، صنعتکاروں، کسانوں، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کمشنر عامر کریم خان نے مختلف نمائشی اسٹالز کا دورہ کیا، جہاں آم اور کھجور کی اعلیٰ اقسام، ویلیو ایڈڈ مصنوعات، جدید پیکجنگ، زرعی مشینری اور تحقیقی منصوبے پیش کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے آم اور کھجور عالمی معیار کی پیداوار ہیں، جن کی برآمدات بڑھانے کے لیے ویلیو ایڈیشن، فوڈ پراسیسنگ، کولڈ چین اور جدید مارکیٹنگ ناگزیر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فیسٹیول کا مقصد کاشتکاروں، برآمد کنندگان، سرمایہ کاروں اور صنعت کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا اور زرعی تجارت کو فروغ دینا ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی (تمغۂ امتیاز) نے کہا کہ مینگو فیسٹیول کی کامیاب روایت کا یہ دسواں سال ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی تحقیق، صنعت اور کسانوں کے درمیان مؤثر رابطوں کے ذریعے آم اور کھجور کی پیداوار، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات میں اضافے کے لیے کام کر رہی ہے۔

تقریب میں یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی سمیت دیگر ماہرین نے بھی زرعی تحقیق، صنعت اور کسانوں کے باہمی اشتراک کی ضرورت پر زور دیا۔افتتاح کے بعد یادگاری کیک کاٹا گیا، جبکہ ثقافتی شو، لوک موسیقی، میوزیکل کنسرٹ، بچوں کے تفریحی مقابلوں اور مختلف کھیلوں نے شرکاء کی بھرپور توجہ حاصل کی۔ فیسٹیول میں ہزاروں شہریوں، طلبہ، کسانوں اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی، جبکہ آخری روز بھی مختلف مقابلوں، مکالموں اور اختتامی تقریب سمیت متعدد اہم سرگرمیاں منعقد ہوں گی۔

مزید خبریں