محکمہ آڈیٹرجنرل آف پاکستان کا کوروناوائرس کی وبا سے متعلق تمام اخراجات کے آڈٹ کا فیصلہ

101

اسلام آباد ۔ 25 اگست (اے پی پی) محکمہ آڈیٹرجنرل آف پاکستان نے کوروناوائرس کی وبا سے متعلق تمام اخراجات کے آڈٹ کا فیصلہ کیاہے۔ اس اقدام کا مقصد متعلقہ حکومتی دفاترمیں شفافیت کو فروغ دینا ہے۔ آڈیٹرجنرل آف پاکستان آفس کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق محکمہ نے وبا نمٹنے کیلئے حکومتی کوششوں میں معاونت فراہم کرنے کے ضمن میں کوویڈ اخراجات بارے مختصر اورفوری رپورٹس دینے کی منصوبندی کی ہے۔ اس ضمن میں آڈیٹرجنرل آف پاکستان جاویدجہانگیرکی زیرصدارت اجلاس منعقد ہواجس میں کوویڈ 19 سے متعلق اخراجات کے آڈٹ کیلئے حکمت عملی کا جائزہ لیا۔ آڈیٹرجنرل نے یہ بات زوردے کر کہی کہ معیاری آڈٹ رپورٹس کی تیاری کیلئے تمام فیلڈآفسزکومربوط اندازمیں کام کرنا چاہئیے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کوروناوائرس کی وبا کے آغاز کے بعد پبلک فنانشل ڈسپلن اوراحتساب وشفافیت کے ضمن میں آڈیٹرجنرل آفس کا کام اہمیت کا حامل ہے۔ جاوید جہانگیرنے کہاکہ کوویڈ اخراجات کے آڈٹ کے حوالہ سے پارلیمان، میڈیا ، عوام، اورحکومت کی توقعات سے بخوبی آگاہ ہیں ۔ اجلاس میں آڈیٹرجنرل آف پاکستان ون اینڈ ٹو، ڈپٹی آڈیٹرزجنرل، اور کوویڈ 19 سے متعلق اخراجات کے ڈائریکٹرجنرل آف فیلڈ آفسزنے شرکت کی۔اجلاس میں کوویڈ 19 سے متعلق اخراجات جیسے اشیاءوخدمات کی خریداری، اشتہاربازی، سٹوریج، ریلیف فنڈز، قرنطینہ مراکز، اسپتالوں کی طرف سے فراہم کردہ خدمات، ٹیسٹنگ، راشن اورتقسیم کارکا جامع آڈٹ کیاجائیگا۔