کوئٹہ۔ 02 مئی (اے پی پی):محکمہ امور حیوانات کیچ کے زیراہتمام جانوروں کی بیماریوں سے بچائو اور علاج کے لیے مربوط ویکسینیشن مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ ڈسٹرکٹ لائیوسٹاک آفیسر ڈاکٹر حنیف بلوچ کی سربراہی میں ضلع بھر کے دیہی علاقوں میں موبائل امدادی کیمپس قائم کیے گئے ہیں، جن میں ویٹرنری ماہرین اور عملہ جانوروں کی دیکھ بھال، علاج اور حفاظتی ٹیکوں کی فراہمی میں سرگرم عمل ہے۔ اس سلسلے میں ایک اجلاس ڈاکٹر حنیف بلوچ کی صدارت میں ڈسٹرکٹ آفس کیچ میں منعقد ہواجس میں ضلع بھر میں جانوروں کی بیماریوں کی موجودہ صورتحال، آئندہ ماہ کا ٹور پلان، جاری آگاہی مہم اور ویکسینیشن کی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں متعلقہ ویٹرنری افسران و عملے نے بھرپور شرکت کی ویکسینیشن مہم کا عملی آغاز سول ویٹرنری ہسپتال تربت کے عملے نے بلوچی بازار آبسر سے کیا، جہاں گھر گھر جا کر جانوروں کی ویکسینیشن اور علاج فراہم کیا گیا۔ مقامی مکینوں نے محکمہ لائیوسٹاک کی اس کوشش کو سراہتے ہوئے اسے جانوروں کی صحت میں بہتری اور بروقت علاج کی فراہمی کے لیے اہم قرار دیا جبکہ محکمہ لائیوسٹاک نے تحصیل دشت کے علاقوں، کنچتی اور کسر سمیت مختلف دیہات میں ویٹرنری موبائل کیمپس لگائے، جہاں جانوروں کے علاج اور ویکسینیشن کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔
یہ کیمپس خاص طور پر گل گھوٹو، منہ کھر، بھیگنے اور دیگر متعدی امراض سے بچائو کے لیے ترتیب دیے گئے ہیں ڈاکٹر حنیف بلوچ کے مطابق یہ مہم بتدریج ضلع کے دیگر علاقوں تک توسیع پائے گی، تاکہ کیچ کے زیادہ سے زیادہ دیہی باشندے اس سہولت سے مستفید ہو سکیں اور جانوروں کی صحت کو یقینی بنایا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591420