اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):ترجمان محکمہ سوئی گیس نے کہا ہے کہ محکمہ اپنے صارفین کو ماہانہ ریڈنگ کے حساب سے ان کی اصل کھپت کے مطابق بل جاری کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات تکنیکی مسائل کی وجہ سے میٹر میں نقص آجاتا ہے جس کی وجہ سے اس ماہ صارف کی اصل کھپت کے مطابق ریڈنگ نہیں آتی،فالٹ والیوم ایک تکنیکی اصطلاح ہے جو صارف کے اصل گیس استعمال پر مبنی ہوتی ہے، یہ گیس کی وہ مقدار ہوتی ہے جو تکنیکی وجوہات کی وجہ سے ماہانہ میٹر ریڈنگ کے ساتھ بل میں شامل نہیں کی جا سکی جسے الیکٹرانک والیوم کریکٹر (ای وی سی) علیحدہ طور پر محفوظ کر لیتا ہے۔
میڈیا افئیرز ڈیپارٹمنٹ سوئی ناردرن گیس کے مطابق اس کی نشاندہی ہوتے ہی اور تمام ضروری تصدیقی عمل مکمل کرنے کے بعدگیس کی اس مقدار کو صارف کے بل میں شامل کر دیا جاتا ہے۔ اس کا مقصد صارف کے اصل گیس استعمال کو گیس سیلز معاہدے کے مطابق بل میں شامل کرنا ہے۔یہ بات واضح کرنا ضروری ہے کہ فالٹ والیوم کے تحت صارفین سے صرف وہی رقم وصول کی جاتی ہے جو ان کے اصل گیس استعمال کے مطابق بنتی ہے۔ اس عمل کے دوران بلوں میں کوئی اضافی یا زائد چارجز شامل نہیں کئے جاتے۔ اس طریقہ کار کا مقصد شفافیت اور صارف کے اصل گیس استعمال کے مطابق بلنگ کو یقینی بنانا ہے۔
ترجمان کے مطابق اس ضمن میں منگل کو ریجنل آفس راولپنڈی میں بیکرز ایسوسی ایشن کے وفد کے ساتھ میٹنگ ہوئی جس میں بیکرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ممتاز احمد اور صدر محمد فاروق چوہدری نے شرکت کی ۔ جنرل منیجرراولپنڈی ریجن ماسم ابرار نے شرکاء کے مسائل سنے جس میں فالٹ والیوم کی بلنگ اور گیس کے ناکافی پریشر کے مسائل شامل تھے۔ جنرل منیجرراولپنڈی نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ راولپنڈی میں کمرشل صارفین کی کل تعداد 4349 ہے جن میں 54 صارفین کو فالٹ والیوم کی بلنگ شامل تھی جو کہ کمپنی کے قواعد کے مطابق کی گئی اس پر بیکرز ایسوسی ایشن کے شرکاء نے اطمینان کا اظہار کیا اور بل وقت پر ادا کرنے کا اعادہ کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=549309