محکمہ تحفظ جنگلی حیات کاغیر قانونی تجارت کی موثر روک تھام کیلئے کارروائیاں

محکمہ تحفظ جنگلی حیات کاغیر قانونی تجارت کی موثر روک تھام کیلئے کارروائیاں

لاہور۔30اگست (اے پی پی):محکمہ تحفظ جنگلی حیات وپارکس پنجاب صوبہ بھرمیں بٹیرودیگر جنگلی پرندوں کی غیر قانونی نیٹنگ اورتجارت کی موثر روک تھام کیلئے کارروائیاں کر رہاہے اور جس کے نتیجے میں وائلڈ لائف رینجرزنے صوبہ کے مختلف اضلاع اوکاڑہ،ساہیوال،پاکپتن،ملتان ،مظفرگڑھ،کوٹ ادو،گجرات اور وزیر آباد سے بٹیر اور دیگر جنگلی پرندوں کی غیر قانونی نیٹنگ اور تجارت کے خلاف کریک ڈائون کرکے12 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا اور ان سے28 بٹیر نیٹنگ گئیرز ضبط کرکے 4 ملزمان کےخلاف مقامی تھانوں میں ایف آئی آرز درج کرائیں جبکہ8 ملزمان کو مبلغ پونے تین لاکھ روپے جرمانہ کیا۔

تفصیل کے مطابق اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر ضلع گجرات و وزیرآباد قاسم رضانے تین مختلف کارروائیوں کے دوران تحصیل کھاریاں اور وزیرآباد سے بٹیر اور جنگلی کبوتر کی غیر قانونی نیٹنگ اور تجارت میں ملوث4 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے1 لاکھ40 ہزار روپے جرمانہ کرکے کیس نمٹا دیا، ایسی مزید کارروائیوں کے دوران ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر ساہیوال ریجن سید عثمان الحسن نے بٹیر کی غیر قانونی نیٹنگ میں ملوث5 شکاریوں کو1 لاکھ30 ہزار روپے جرمانہ عائد کر کے کیس نمٹا دئیے

، دیگر کارروائیوں میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجرراجن پور صائمہ محسن نے بٹیر کے6 غیر قانونی نیٹنگ گئیرز، ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر ملتان ریجن رائے زاہد علی نے3 نیٹنگ گئیرزاور اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر مظفرگڑھ عبد الرحمان نے 9نیٹنگ گئیرز ضبط کر کے ملزمان کیخلاف قانونی چارہ جوئی شروع کر دی جبکہ ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر بہاولپور ریجن مجاہد کلیم نے بٹیر نیٹنگ کے3 نیٹنگ گئیرز ضبط کر کے ان کے خلاف مقامی تھانہ میں ایف آئی آرز درج کرا دیں۔