سیکرٹری توانائی وبرقیات خیبرپختونخوا نثاراحمدکی زیرصدارت براہ راست ای کھلی کچہری کا انعقاد ہوا جس میں محکمے کے جملہ افسران سمیت محکمے کے ذیلی اداروں پیڈو، آئل اینڈ گیس کمپنی
محکمہ توانائی خیبر پختونخوا میں براہ راست ای کھلی کچہری،عوامی مسائل کے حل کے احکامات جاری

مزید خبریں
پشاور۔ 03 ستمبر (اے پی پی):سیکرٹری توانائی وبرقیات خیبرپختونخوا نثاراحمدکی زیرصدارت براہ راست ای کھلی کچہری کا انعقاد ہوا جس میں محکمے کے جملہ افسران سمیت محکمے کے ذیلی اداروں پیڈو، آئل اینڈ گیس کمپنی،الیکٹرک انسپکٹریٹ اور کے پی ٹرانسمیشن اینڈگرڈسسٹم کمپنی کے سربراہان اورپراجیکٹ ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ای کچہری میں صوبے کے مختلف اضلاع سے مجموعی طورپر 55شکایت کنندگان نے ٹیلی فون کالز اورفیس بک آفیشل پیج کے ذریعے براہ راست محکمہ توانائی وبرقیات اوراسکے تمام ذیلی اداروں سے جڑے توانائی منصوبوں سے متعلق درپیش مسائل پرکھل کرگفتگو کی اور حکام بالاکوآگاہ کیا۔اس موقع پرعوام کی طرف سے صوبائی حکومت کے ای کھلی کچہری کے انعقادکو شفافیت اورمیرٹ کا ایک انقلابی اقدام قراردیاگیا۔
سیکرٹری توانائی نے کھلی کچہری کے دوران بعض علاقوں میں جاری منی مائیکروہائیڈل سٹیشنز کی تعمیر میں سست روی اورمعیاری تعمیرنہ ہونے کی عوامی شکایات پر سخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئے متعلقہ پراجیکٹ ڈائریکٹرکووارننگ دیتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں ہم سب جوابدہ ہیں اوراس سلسلے میں کوتاہی برتنے پرسزاوجزاپرکارروائی ہوگی۔انہوں نے پیڈوکے مختلف جاری پراجیکٹس میں مقامی افراد کوترجیحی بنیادوں پر بھرتی کرنے پر بھی زوردیا۔ 2گھنٹوں کے دورانئے پرمشتمل ای کچہری کے آخرمیں سیکرٹری توانائی وبرقیات نثاراحمد نے عوام کویقین دلایاکہ موجودہ حکومت کی عوام دوست پالیسی کے تحت عوامی مسائل کو کھلی کچہری کے ذریعے موقع پر حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے محکمے کے تمام افسران کو ای کھلی کچہری میں پیش کئے گئے عوامی مسائل کوسنجیدگی سے حل کرنے پر زوردیا اورہدایت کی کہ مسائل کے حل پر عملدرآمد کی رپورٹ جلدازجلدپیس کی جائے کیونکہ عوام حکومتی اقدامات کو میرٹ وشفافیت سے مانیٹرکررہے ہیں۔








