محکمہ جنگلات کی کارروائی ،بندروں کی آن لائن غیر قانونی تجارت کرنیوالے دوافرادگرفتار،جرمانہ عائد

91
محکمہ جنگلات کی کارروائی ،بندروں کی آن لائن غیر قانونی تجارت کرنیوالے دوافرادگرفتار،جرمانہ عائد

لاہور۔17مارچ (اے پی پی):سیکرٹری جنگلات،جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب مدثروحید ملک کی خصوصی ہدایت پر محکمہ صوبہ بھر میں جنگلی حیات کے غیر قانونی شکاراور تجارت کیخلاف بلا تفریق کریک ڈائون کر رہاہے۔ترجمان کیمطابق ضلع فیصل آباد میں تعینات خاتون افسراسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف نمرہ رشید نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فیصل آباد سے عرصہ دراز سے جنگلی حیات کی آن لائن غیر قانونی تجارت کرنیوالے دو افراد گرفتار کر کے انہیں ساٹھ ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ۔

فیصل آباد شہر میں سوشل میڈیا کے ذریعے بندروں کی آن لائن غیر قانونی تجارت کرنیوالوں کا معلوم ہونے پر فیصل آباد میں تعینات خاتون وائلڈ لائف افسراسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف نے یونیورسٹی طالبہ کا روپ دھار کر بندروں کے آن لائن ڈیلر سے رابطہ کر کے ایک نر بندر اور مادہ بندریا کی خریداری کا مطالبہ کیا جس پر ڈیلر انتہائی محتاط انداز سے سٹاک دستیاب نہ ہونیکابہانہ بناکر کچھ دنوں تک ٹال مٹول کرتا رہا تاکہ خریدار کے حقیقی ہونیکا تعین کر سکے ،

تسلی ہونے پرڈیلر نے اپنی لوکیشن سے بندروں کی سپلائی فراہم کرنیکی بجائے ترسیل کیلئے طالبہ کا ایڈریس مانگاجس پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر نمرہ رشید نے فوری طور پر اپنی نگرانی میں ایک مقامی یونیورسٹی کے داخلی گیٹ پر اپنا سٹاف مامور کرکے ڈیلر کو بندروں کی سپلائی فراہم کرنیکا کہا، کچھ وقت کے بعد ڈیلر ڈیلیوری بوائے کے ہمراہ وہاں آن پہنچا جسے رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالان مرتب کیا تا ہم ملزمان کی کیس کمپائونڈ کرنے کی درخواست پرڈیلر کو پچاس ہزار روپے جبکہ اعانت جرم کے مرتکب ڈیلیوری بوائے کودس ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مدمیں جرمانہ کر کے کیس نمٹا دیا۔