
لاہور۔15ستمبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیا ت و پارکس پنجاب مدثر ریاض ملک کی زیرنگرانی صوبہ بھر میں جاری وائلڈ لائف کومبنگ آپریشن کے دوران جنگلی جانوروں وپرندوں کی غیر قانونی اسمگلنگ،شکار،کاروبار اور قبضہ کے جرم میں 56ملزمان کے چالان جاری کیے گئے ،ملزمان سے 03نیل گائے کے بچے،02 را طوطے،09مور،02تیتر،بٹیر سمیت درجنوں چڑیا اور مینائیں برآمد کی گئیں جبکہ سات لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ضلع بہاولنگر منور حسین نجمی کی سربراہی میں وائلڈ لائف سٹاف بہاولنگر فورٹ عباس اور منچن آباد نے چار مختلف کارروائیوں کے دوران لاہور اسمگل کئے جانیوالے03نیل گائے کے بچے اور 02را طوطے برآمد کر کے 02ملزمان کا چالان کرکے عدالت پیش کیا۔
عدالت نے 30ہزار جرمانہ کر کے مال مقدمہ بہاولنگر چڑیا گھر منتقل کر نیکا حکم دیا جبکہ جنگلی طوطوں کے 03غیر قانونی شکاریوں کو محکمانہ معاوضہ کی مد میں 75ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔اسی طرح اسسٹنٹ ڈائریکٹر راولپنڈی رضوانہ عزیز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جنگلی پرندوں کے 02غیر قانونی تاجروں کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 08مور اور 02بھورے تیتر برآمد کر کے ملزمان کو عدالت پیش کیا۔عدالت نے ملزمان کو 20ہزار جرمانہ کر کے پرندے لوئی بھر چڑیا گھر منتقل کر دیئے۔
ترجمان کے مطابق اسی طرح کی مزید دو کارروائیوں کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف گوجرانوالہ عاصم بشیر چیمہ نے میناکے 02شکاریوں کا چالان کر کے انہیں 20ذبح شدہ پرندوں سمیت عدالت میں پیش کیا، عدالت نے 20ہزار روپے جرمانہ کر کے کیس نمٹا دیا۔ایک اورکارروائی کے دوران وائلڈ لائف سٹاف گوجرانوالہ نے 01غیر قانونی قبضہ میں رکھا مور برآمد کر کے ملزم کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ضلع قصور و ساہیوال نے بھی جنگلی پرندوں اور بٹیر کے 02غیر قانونی شکاریوں کو 16ہزار جرمانہ کر کے کیس نمٹا دیا۔اسی طرح کی دو مختلف کارروائیوں میں ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف سرگودھا ریجن عروج ظہیر کی سربراہی میں ضلعی ریڈ اسکواڈ سرگودھا نے فالکن اور بٹیر کے 12غیر قانونی شکاریوں کو گرفتار کرکے 02لاکھ 10ہزار محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کر کے کیس نمٹا دیئے جبکہ ضبط کیے جانے والے چکی اور بٹیر کو قدرتی ماحول میں آزاد کر دیا۔اسی طرح اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف رحیم یار خان محمد سلطان انجم نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مختلف مقامات پر بٹیر کے ناجائز شکار میں ملوث 30شکاریوں کا چالان کرکے انہیں 02لاکھ83ہزار500جرمانہ کیا۔