محکمہ جنگلی حیات کا جانوروں و پرندوں کا غیر قانونی کاروبار کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈائون ، 4ملزمان گرفتار

107

لاہور۔15فروری (اے پی پی):محکمہ جنگلی حیات پنجاب کی ٹیم نے جنگلی جانوروں و پرندوں کا غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے راولپنڈی اور ملتان شہر سے 4 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے تحفظ شدہ درجنوں جنگلی جانور و پرندے بازیاب کر کے 2کے خلاف ایف آئی آر درج جبکہ دیگر 2 کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ہفتہ کو ترجمان کے مطابق سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب مدثر ریاض ملک کی زیر نگرانی راولپنڈی شہر میں تحفظ شدہ جنگلی جانوروں وپرندوں کی بازیابی کے لیے ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف راولپنڈ ی ریجن راجہ احسان احمد کی سربراہی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف راولپنڈی رضوانہ عزیز اور ان کی ٹیم نے کالج روڈ پر واقعہ جانوروں و پرندوں کا کاروبار کرنے والی درجنوں دکانوں پر دستیاب اسٹاک کی تفصیلی چھان بین کی جہاں پر لائسنس یافتہ ڈیلرز کے پاس بدیسی پرندوں کو پایا گیا تاہم4 خفیہ گوداموں میں غیر قانونی رکھے درجنوں تحفظ شدہ جنگلی جانوروں و پرندوں جن میں 1 بندر، انواع و اقسام کے11 طوطے، 1مور،6 چکور اور1کونج شامل ہے ،

کواسسٹنٹ کمشنر سٹی ومقامی پولیس کی موجودگی میں بازیاب کر کے 2ملزمان کو گرفتار کر لیا اور ان کے خلاف تھانہ میں ایف آئی آر درج کروا دی گئی ہے ۔اسی طرح دو مختلف کارروائیوں کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ملتان منور حسین نجمی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ 2 غیر قانونی برڈ ڈیلرز کے قبضہ سے 6طوطے برآمد کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔