محکمہ جنگلی حیات کی کارروائی، پرندوں کے غیر قانونی شکار میں ملوث5ملزمان گرفتار

110

لاہور۔18فروری (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات وپارکس پنجاب مدثر ریاض ملک کی زیر نگرانی صوبہ میں جنگلی حیات کے جرائم کی بیخ کی کیلئے کامیاب کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔اس سلسلے میں آبی پرندوں کے غیر قانونی شکار میں ملوث 5ملزمان رنگے ہاتھوں گرفتارکر لئے اور 4ملزمان کو 80ہزار روپے جرمانہ جبکہ1ملزم حوالات میں بندکروادیا ۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف گوجرانوالہ ریجن عاصم بشیر چیمہ کی سر براہی میں گزشتہ روز ایک وسل بلور کی اطلاع پر اندرون شہر صرافہ بازار میں جنگلی پرندوں کے گوشت سے پکوان آفر کرنیوالے ایک موبائل ریسٹونٹ پر چھاپہ مار کہ جنگلی پرندوں کے گوشت سمیت ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ، قبل ازیں متعدد بار وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو چکا ہے اور عدالتی ریکارڈ یافتہ بھی ہے

اس لئے اسکے خلاف باقاعدہ ایف آئی آر درج کروائی جارہی ہے اور ترمیم شدہ وائلڈ لائف ایکٹ2025کے تحت اسکاچالان مقامی عدالت میں پیش کیا جائیگا ۔ایسی ہی ایک دیگر کامیاب کارروائی کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف فیصل آباد نمرہ رشید نے اپنی ٹیم کے ہمراہ تاندلیانوالہ سے آبی پرندوں کے غیر قانونی شکار میں مشغول 4شکاری گرفتار کرکے انہیں مبلغ 80ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیا۔مزید برآں ڈپٹی ڈائریکٹر ائلڈ لائف راولپنڈی ریجن راجہ احسان احمد کی سربراہی میں گزشتہ ماہ راولپنڈی ریجن میں جنگلی حیات کا غیر قانونی شکار اور اسکا کاروبار کرنیوالے 164ملزمان کاچالان کرکے 162کو 21لاکھ ،55ہزار 500روپے جرمانہ کیاگیا جبکہ لائسنسوں کے اجرا ،امپورٹ ایکسپورٹ کی فیس کی مد میں 28لاکھ ، 73ہزار 160روپے کاریونیوجمع کیا۔