محکمہ داخلہ پنجاب نے ڈرون اڑانے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی میں 30 روز کی توسیع کر دی
محکمہ داخلہ پنجاب نے ڈرون اڑانے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی میں 30 روز کی توسیع کر دی

مزید خبریں
لاہور۔29جون (اے پی پی):حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر دفعہ 144 کے تحت عائد پابندی میں مزید 30 روز کی توسیع کر دی ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبہ بھر میں آوٹ ڈور ڈرون اڑانے پر مکمل پابندی برقرار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ڈرون کے استعمال پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے واضح کیا کہ ہالز اور مارکیز کے اندر منعقد ہونے والی تقریبات کے دوران چھوٹے ڈرون کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی تاہم ان تقریبات میں ڈرون کے محفوظ استعمال کی مکمل ذمہ داری منتظمین پر عائد ہوگی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق انٹیلیجنس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پابندی سے مستثنی قرار دئیے گئے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ عوامی تحفظ، امن و امان کا قیام اور املاک کی حفاظت حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ڈرون کے آئوٹ ڈور استعمال پر پابندی ضابطہ فوجداری کے تحت عائد کی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔








