لاہور۔26جنوری (اے پی پی):کاشتکار سورج مکھی کی بہاریہ فصل کے کاشتکار بروقت اور مناسب آبپاشی کو یقینی بنائیں تاکہ فصل کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ اور تیل کے معیار میں بہتری ممکن ہو سکے۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق سورج مکھی کی فصل کے لیے آبپاشی کے اہم مراحل کے موقع پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہوتی ہے، جن میں بیجوں کے اگاو، پھول نکلنے اور بیج بننے کے مرحلے شامل ہیں، ان اہم مراحل میں پانی کی کمی فصل کی پیداوار پر منفی اثر ڈال سکتی ہے اور معیار کو متاثر کر سکتی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا ہے کہ بہاریہ سورج مکھی کو پہلی آبپاشی روئیدگی مکمل ہونے کے فورا بعد کرنی چاہیے تاکہ بیج کا اگا وبہتر ہو۔ دوسری آبپاشی پہلی کے 20 سے 25 دن کے بعد کی جاتی ہے تاکہ پودوں کی ابتدائی نشوونما بہتر ہو سکے۔ علاوہ ازیں،
پھول نکلنے کے دوران بہاریہ سورج مکھی کی فصل کو آبپاشی نہایت اہم ہے کیونکہ یہ فصل کے پیداوار کے لیے فیصلہ کن مرحلہ ہوتا ہے۔ اسی طرح بیج بننے کے دوران مناسب مقدار میں پانی فراہم کرنے سے نہ صرف بیج کا وزن بڑھتا ہے بلکہ تیل کا معیار بھی بہترہوتاہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=551859