راولپنڈی۔ 20 جنوری (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق رواں سال گندم کی بروقت کاشت،فاسفورسی کھادوں اور ترقی دادہ بیج کے استعمال کے باعث اب تک فصل کی حالت بہت اچھی ہے۔ گندم کی فصل میں نائٹروجنی کھاد کی دوسری قسط 55 تا60 دن تک مکمل کر لینی چاہیے۔
ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ اس وقت گندم کی کاشت ہونے والی قریباً72 فیصد فصل کی عمر 60 دن سے زائد ہو چکی ہے لہذٰا کاشتکار یوریا کے غیر ضروری استعمال سے اجتناب کریں۔یوریا کے زیادہ استعمال سے فصل کی نباتاتی بڑھوتری میں غیر ضروری اضافہ ہو جاتا ہے اورتیز ہوا چلنے کی صورت میں فصل کے گرنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں جس سے پیداوار میں خاطرخواہ کمی واقع ہوتی ہے۔
ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ اگر گندم کی فصل کی حالت اچھی ہے اور پتوں کا رنگ گہرا سبز ہے تو مزید یوریا کھاد استعمال نہ کی جائے۔تاہم اگر فصل کمزور ہے اور پتوں کا رنگ زرد ہے تو یوریا کا استعمال محکمہ زراعت توسیع کے مقامی ماہرین کے مشورہ سے کیا جا سکتا ہے۔
جن کھیتوں میں نمی زیادہ ہونے کے باعث فصل پیلی پڑ گئی ہو وہاں NPK(این20:پی20:کے20) 3کلوگرام 100 لٹر پانی میں محلول بنا کر سپرے کریں۔