35.5 C
Islamabad
جمعہ, مئی 16, 2025
ہومزرعی خبریںمحکمہ زراعت پنجاب نے گندم کی جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے ہدایات...

محکمہ زراعت پنجاب نے گندم کی جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے ہدایات جاری کر دیں

- Advertisement -

لاہور۔4جنوری (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے گندم کی جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے ہدایات جاری کر دیں، ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق گندم کی اچھی اور زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لیے جڑی بوٹیوں کی تلفی انتہائی ضروری ہے، جڑی بوٹیوں کی وجہ سے 42 فیصد تک پیداوار کم ہو سکتی ہے،جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لیے پہلی آبپاشی کے بعد کھیت وتر حالت میں آنے پر دوہری بار ہیرو چلائیں،اس سے جڑی بوٹیاں بہت حد تک تلف ہو اور زمین میں وتر دیر تک قائم رہتا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ گندم کی فصل میں چوڑے اور نوکیلے پتے والی یعنی گھاس نما جڑی بوٹیاں اگتی ہیں لہذا ان کی مناسبت سے جڑی بوٹی مار زہر کا انتخاب کریں، جڑی بوٹیوں کی مناسبت سے پہلے پانی کے بعد چوڑے پتے والی جڑی بوٹیوں کے لئے محکمہ زراعت توسیع یا پیسٹ وارننگ کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے سفارش کردہ جڑی بوٹی مار زہروں کا سپرے کریں۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ دوسرے پانی کے بعد نوکیلے پتے والی جڑی بوٹیوں کے لئے سپرے کی جائے تو بیشتر جڑی بوٹیوں کا یقینی خاتمہ ہوجاتا ہے،دونوں قسم کی جڑی بوٹیوں کو ختم کرنے والی زہریں بھی میسر ہیں جو تقریبا 40تا 45 دن کی فصل پر کی جا سکتی ہیں اور ان سے اچھے نتائج حاصل ہوتے ہیں۔اسی طرح ریتلے اور کلراٹھے علاقوں میں جڑی بوٹی مار زہروں کا استعمال احتیاط سے کریں،زہر کے چھڑکائو کے بعد گوڈی یا بار ہیرو کے استعمال سے پرہیز اور جڑی بوٹیوں کو چارہ کے طور پر ہرگز استعمال نہ کریں۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا کہ سپرے ہمیشہ مشین کی کیلی بریشن کر کے کریں،پانی کی مقدار 100 تا 120 لیٹر فی ایکڑ رکھیں،کسی جگہ دوہری سپرے نہ کریں اور نہ ہی کوئی جگہ خالی رہنے دیں،سپرے کے لئے مخصوص نوزل (Flat Fan یا T.Jet) استعمال کریں،تیز ہوا، دھند یا بارش میں سپرے نہ کریں، سپرے دھوپ میں جب پتوں پر سے شبنم ختم ہوجائے، تب شروع کریں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=542564

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں