لاہور۔20مارچ (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے کاشتکاروں کو کپاس کی کاشت کے لئے سفارش کردہ اقسام کا معیاری بیج استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ پنجاب میں کپاس کی بوائی اپریل سے شروع ہورہی ہے،کاشتکار کپاس کی کاشت کے لئے تصدیق شدہ معیاری بیج پنجاب سیڈ کارپوریشن کے علاوہ رجسٹرڈ پرائیویٹ اداروں سے حاصل کریں،75 فیصد یا زیادہ اگائو والا بُر اترا ہوا 6 کلو گرام جبکہ بُردار 8 کلو گرام اور 60 فیصد اگائو والا بُر اترا ہوا 8 کلو گرام جبکہ بُردار 10 کلو گرام فی ایکڑ استعمال کریں۔
کھیلیوں پر کاشت کے لئے 6 تا 8 کلو گرام بیج فی ایکڑ (3 سے 4 بیج فی چوپا) استعمال کریں۔ پودوں کی پوری تعداد فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کی ضمانت ہے۔ کاشتکار اپریل کاشتہ کپاس میں پودے سے پودے کا فاصلہ 9انچ (27ہزار پودے فی ایکڑ) رکھیں۔کپاس کی بہتر پیداوار کے لئے ایسی زرخیز میرا زمین موزوں ہے جو تیاری کے بعد بھربھری اور دانے دار ہو جائے، اس میں نامیاتی مادہ کی مقدار بہتر ہو، پانی زیادہ جذب کرنے اور دیر تک وتر قائم رکھنے کی صلاحیت بھی موجود ہو۔ زمین کی نچلی سطح سخت نہ ہو تاکہ پودوں کی جڑوں کو نیچے اور اطراف میں پھیلنے میں دشواری نہ آئے،اس مقصد کے لئے زمین میں ہر تین سال بعد ایک مرتبہ گہر ا ہل ضرور چلائیں اور پانی کے ضیاع کو کم کرنے اور فصل کی بہتر پیداوار کےلئے لیزر لینڈ لیولر سے زمین ہموار کریں تاکہ پودوں کی جڑیں آسانی سے گہرائی تک جاسکیں اور وتر دیر تک قائم رہے۔