محکمہ زراعت پنجاب کی گندم کی بروقت کاشت کیلئے کاشتکاروں کو فوری منصوبہ بندی کی ہدایت

302
کاشتکاروں کو جڑی بوٹیوں کے کنٹرول کیلئے چنے و مسور کی بجائے برسیم، لوسرن یا گندم کاشت کرنے کی ہدایت

فیصل آباد ۔ 21 اکتوبر (اے پی پی)::ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری عبدالحمید نے کاشتکاروں کو گندم کی بروقت کاشت، فی ایکڑ زیادہ پیداوار اور بمپر کراپ حاصل کرنے کیلئے فوری بہترین منصوبہ بندی کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ اگر ہمارا کسان فصل کی کاشت کیلئے مناسب منصوبہ بندی اور محکمہ زراعت کے مشوروں پر سو فیصد عمل کرے تو پیداوار میں شاندار اضافہ ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں و کسانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے وسائل کے مطابق فصل کاشت کریں۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی پیداواری ٹیکنالوجی سے استفادہ بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے بتایا کہ پچھیتی کاشت کیلئے شرح بیج میں اضافہ اسلئے بھی ضروری ہے کہ درجہ حرارت میں کمی سے بیج کا اگاؤ کم اور پودا جھاڑ کم بناتا ہے جس سے سٹے چھوٹے رہ جاتے ہیں۔

انہو ں نے بتا یا کہ شرح بیج میں اضافہ جڑی بوٹیوں کو کنٹرول کرنے کیلئے بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ گندم کے پودے زیادہ ہونے سے جڑی بوٹیوں کو پھلنے پھولنے کا موقع نہیں ملتا۔

انہوں نے بتا یا کہ پنجاب کے ایسے علاقے جہاں پانی کی کمی ہو وہاں گندم کو پٹڑیوں پر کاشت کیا جا سکتا ہے جبکہ پٹڑیوں پر کاشت کی گئی گندم میں کماد، سرسوں وغیرہ کی مخلوط کاشت بھی آسانی سے کی جا سکتی ہے نیز خشک طریقہ سے کاشت کیلئے مکئی کے ٹانڈے،کپاس کی چھڑیاں کاٹنے اور کماد کی برداشت کے بعد دو تین مرتبہ ہل چلانا اور 1 مرتبہ روٹا ویٹر یا ڈسک ہیرو بھی استعمال میں لاناچاہیے۔

انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ گندم کی کاشت مخصوص ڈرل سے کرنے کے بعد کھیت کو فوری طور پر ہلکا پانی لگا دیں تاکہ گندم کی بہتر کاشت یقینی ہو سکے۔