فیصل آباد۔ 19 جنوری (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کپاس کے مرکزی علاقہ جات میں گلابی سنڈی کے کنٹرول کیلئے کاشتکاروں کو سبسڈی پر گوسیپلورزکی فراہمی کافیصلہ کیا ہے جس کے تحت حکومت پنجاب کپاس کے کاشتکاروں کو گلابی سنڈی کو کنٹرول کرنے کیلئے کپاس کے مرکزی و ثانوی علاقہ جات کی 54تحصیلوں کے ترقی پسند کاشتکاروں کو گو سیپلور (روپس) سبسڈی پر فراہم کرے گی تاکہ کپاس کی فی ایکڑپیداوار میں اضافہ کیا جاسکے جبکہ اس مقصد کیلئے کپاس کے علاقوں میں گوسیپلور(روپس) کے نمائشی پلاٹ بھی لگائے جائیں گے
لہٰذااس ضمن میں کپاس کے مرکزی و ثانوی علاقہ جات ملتان، بہاولپور، ڈی جی خاں، ساہیوال، سرگودھا اور فیصل آباد ڈویژنوں کی تمام 54تحصیلوں میں 50ایکڑ تک آبپاش زرعی اراضی کے مالک مرد و خواتین کاشتکاراکیلے یا گروپ کی شکل میں درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق گوسیپلور (روپس) کاشتکار خودپری کوالیفائیڈفرم سے خریدیں گے جس پر حکومت فی ایکڑ سبسڈی دے گی جس میں سے 60فیصد سبسڈی گوسیپلور (روپس) خریدتے وقت اور بقیہ 40فیصد کپاس کے اختتامی موقع پر دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ہر درخواست دہندہ کا ریکارڈ تحصیل کی سطح پر متعلقہ دفتر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع)میں درج ہو گااورتحصیل، ضلع و صوبائی سطح کی کمیٹیاں اس پروگرام کی نگرانی کریں گی۔انہوں نے بتایا کہ ضلع کمیٹی مکمل تصدیق کے بعد گوسیپلور (روپس) کے لیے اہل کاشتکاروں کے نام قرعہ اندازی کی فہرست میں شامل کرے گی اور قرعہ اندازی مقررہ تاریخ اور وقت پر کرنے کی پابند ہو گی تاہم محکمہ زراعت اور محکمہ مال کے ملازمین اس سکیم میں حصہ لینے کے اہل نہ ہو نگے۔
انہوں نے کہا کہ کاشتکاردرخواست فارم متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) یا اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (پیسٹ وارننگ)کے دفاتر سے مفت حاصل کرسکیں گے جبکہ درخواست فارم محکمہ زراعت (توسیع) کی ویب سائٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کئے جا سکتے ہیں نیز درخواست فارم کی فوٹو کاپی بھی قابل قبول ہو گی۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار اپنی درخواستیں متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کے دفتر میں 10 فروری تک جمع کرواسکتے ہیں۔