محکمہ زراعت کی ٹماٹر کے کاشتکاروں کو فصل کی آبپاشی میں احتیاط برتنے کی ہدایت

182
Cultivation of tomato

سیالکوٹ۔ 15 نومبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے ٹماٹرکے کاشتکاروں کو فصل کی آبپاشی میں انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ موسمی درجہ حرارت کی تبدیلی کے باعث فصل کو 15 سے 20روز کے بعد پانی لگایاجائے ، فصل سے جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لئے ابتدائی ایام میں ہی 2 سے 3مرتبہ مناسب گوڈی کردی جائے تاکہ ٹماٹر کے پودوں کو نقصان نہ پہنچ سکے۔ایگری کلچرآفیسر(ٹیکنیکل)محکمہ زراعت(توسیع)سیالکوٹ ذیشان گورائیہ نے”اے پی پی“کوبتایا کہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ گوڈی کرتے وقت ٹماٹرکے پودوں پرمٹی چڑھا دیں اور پودوں کا رخ پٹڑیوں کی جانب کرتے رہیں تاکہ ٹماٹر پانی میں گر کر ضائع نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ ٹماٹرکے کاشتکار جڑی بوٹیوں کے کیمیائی انسدادکےلئے ماہرین زراعت کی سفارش کردہ جڑی بوٹی مار زہروں کا سپرے کریں اور اگر انہیں فصل کے بارے میں کوئی معلومات درکارہوں تو اس سلسلے میں فوری طورپر ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف یا توسیع و پیسٹ وارننگ کے عملے سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے