محکمہ زراعت کی گند م کی کٹائی اور گہائی کے دوران احتیاطی تدابیر بارے سفارشات جاری

222
محکمہ زراعت کی گند م کی کٹائی اور گہائی کے دوران احتیاطی تدابیر بارے سفارشات جاری

سیالکوٹ۔6اپریل (اے پی پی):ترجمان محکمہ زراعت سیالکوٹ نے کہا ہے کہ گندم کی فصل کی کٹائی،گہائی اور سنبھال کے دوران پیش آنے واے زرعی عوامل خاص طور پر اہمیت کے حامل ہیں۔ہفتہ کو جاری کردہ اپنے ایک بیان میں ترجمان محکمہ زراعت نے کہا کہ کٹائی کے بعد گندم کی پیداوار کا10 فیصد حصّہ مختلف وجوہات کی بنا پر ضائع ہو جاتا ہے لہٰذا ضروری ہے کہ کٹائی سے قبل اچھی منصوبہ بندی کی جائے،کاشتکار گندم کی کٹائی کے دوران ریڈیو اور ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والے پیغامات کو توجہ سے سنیں اور اگر بارش کا خطرہ ہو تو گندم کی کٹائی روک دیں۔

ترجمان نے کہا کہ گندم کی کٹائی کیلئے سب سے بہترین مشین کمبائن ہارویسٹر ہے جس کے استعمال سے کافی حد تک پیداوار کے ہونے والے نقصان کو کم کیا جا سکتا ہے،کاشتکار گندم کی فصل کی برداشت نہ وقت سے پہلے نہ تاخیر سے کریں کیونکہ دونوں صورتوں میں پیداوار کا نقصان ہو جاتا ہے،کاشتکار کٹائی گہائی شروع کرنے سے پیشتر مزدوروں،تھریشر،ترپال،پلاسٹک چادر اور کمبائن ہارویسٹر کا انتظام کر لیں۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار کٹائی فصل کے پوری طرح پکنے پر کریں اور بارش ہونے کی صورت میں گندم کی فصل سے زائد پانی کی نکاسی کا انتظام کریں،کاشتکار گندم کی کٹائی اس وقت شروع کریں جب دانوں میں نمی کا تناسب10 فیصد رہ جائے اس کے لئے دانوں کو دانتوں کے تلے چبائیں اور ” کڑک” کی آواز آنے کی صورت میں کٹائی شروع کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ کاشتکار فصل سے جڑی بوٹیوں،کانگیاری اور غیر اقسام کے پودوں سے پاک کرلیں اور فصل کی ہر قسم کے لئے علیحدہ کھلیان لگائیں، گندم کی کٹائی کے بعد بھریاں قدرے چھوٹی باندھیں اور سٹّوں کا رُخ ایک طرف رکھیں،کھلواڑے چھوٹے رکھیں اور اونچے کھیتوں میں کھلیان لگائیں اس کے علاوہ کھلواڑوں کے اردگرد کھائی ضرور بنائیں تاکہ بارش کے پانی کی نکاسی کی جا سکے۔