محکمہ سوشل سکیورٹی کے زیر اہتمام محنت کشوں میں ویلفیئر گرانٹس کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب

محنت کشوں کو شفاف اور بروقت مالی معاونت کی فراہمی کا عمل جاری ہے۔ اس سلسلے میں لاہور کے رجسٹرڈ ورکرز میں ویلفیئر گرانٹس کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی

لاہور۔9ستمبر (اے پی پی):محنت کشوں کو شفاف اور بروقت مالی معاونت کی فراہمی کا عمل جاری ہے۔ اس سلسلے میں لاہور کے رجسٹرڈ ورکرز میں ویلفیئر گرانٹس کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی ۔ تقریب میں صوبائی وزیر لیبر و افرادی قوت محمد منشا اللہ بٹ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور رجسٹرڈ ورکرز میں ویلفیئر گرانٹس کے چیکس تقسیم کئے ۔ورکرز میں مجموعی طور پر 2 کروڑ 15 لاکھ روپے مالیت کے چیکس تقسیم کئے گئے۔تقریب میں کمشنر سوشل سکیورٹی ذوالفقار علی کھرل، ڈی جی لیبر ویلفیئر سیدہ کلثوم حئی اور سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ڈاکٹر مجتبی بھروانہ نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ مجموعی طور پر پنجاب میں ڈیتھ گرانٹ، میرج گرانٹ اور ٹیلنٹ اسکالرشپ کی مد میں 38 کروڑ روپے مالیت کے 3,649 چیکس تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

صوبائی وزیر محمد منشا اللہ بٹ نے کہا کہ ورکرز اور ان کے اہل خانہ کے معیار زندگی میں بہتری لانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے محنت کشوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محنت کش معیشت اور صنعتی ترقی میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ ورکرز کی فلاح و بہبود صرف ذمہ داری نہیں بلکہ ہمارا عزم ہے۔محمد منشا اللہ بٹ نے کہا کہ محنت کشوں کے بچوں کی تعلیم، صحت اور بہتر مستقبل کے لیے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ محنت کشوں کے بچوں کے لیے 73 سکولز قائم ہیں جبکہ بچوں کو میڈیکل کالجز کے وظائف دیئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔صوبائی وزیر لیبر نے بتایا کہ سوشل سکیورٹی ہسپتال سیالکوٹ کو 50 بستروں سے بڑھا کر 100 بستروں تک توسیع دی گئی ہے۔تقریب میں صنعتی ورکرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 

مزید خبریں