محکمہ سوشل ویلفیئر نواب شاہ کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر فوزیہ حسن کی جانب سے IDCC/DVEC کے تعاون سے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نادرا کے اشتراک سے ووٹر رجسٹریشن، قومی شناختی کارڈ، ب فارم اور نادرا پاک آئی ڈی ایپ سے متعلق آگاہی سیشن منعقد کیا گیا۔
محکمہ سوشل ویلفیئر نواب شاہ میں ووٹر رجسٹریشن اور نادرا پاک آئی ڈی ایپ سے متعلق آگاہی سیشن کا انعقاد

مزید خبریں
حیدرآباد۔ 06 جولائی (اے پی پی):محکمہ سوشل ویلفیئر نواب شاہ کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر فوزیہ حسن کی جانب سے IDCC/DVEC کے تعاون سے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نادرا کے اشتراک سے ووٹر رجسٹریشن، قومی شناختی کارڈ، ب فارم اور نادرا پاک آئی ڈی ایپ سے متعلق آگاہی سیشن منعقد کیا گیا۔سیشن کے دوران شرکاء کو ووٹر کے طور پر رجسٹریشن کی اہمیت، حقِ رائے دہی کے ذمہ دارانہ استعمال، ووٹر فہرستوں میں نام کی درستگی اور نئے ووٹروں کی رجسٹریشن کے طریقۂ کار کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔ نادرا کے ریجنل انچارج رفیق احمد بلّر نے پاک آء ڈی ایپ کے ذریعے قومی شناختی کارڈ سے متعلق مختلف سہولیات، آن لائن درخواستوں، دستاویزات کی تجدید اور دیگر ڈیجیٹل خدمات کے استعمال کے حوالے سے عملی رہنمائی بھی فراہم کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر شہید بینظیرآباد محمد یوسف مجیدانو اور نادرا انچارج رفیق احمد بلّر نے کہا کہ ہر اہل شہری کے لیے قومی شناختی کارڈ بنوانا اور ووٹر کے طور پر رجسٹر ہونا نہایت ضروری ہے، کیونکہ ووٹ کا درست استعمال جمہوری نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں، خواتین اور دیگر شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنی ووٹر رجسٹریشن مکمل کرائیں اور نادرا کی جدید آن لائن سہولیات سے بھرپور استفادہ کریں۔ آگاہی سیشن کے اختتام پر شرکاء کے سوالات کے جوابات دیے گئے جبکہ انہیں ووٹر رجسٹریشن، نادرا کی خدمات اور پاک آء ڈی ایپ کے استعمال سے متعلق معلوماتی مواد بھی فراہم کیا گیا۔








