محکمہ صحت نے ہیٹ ویو ایڈوائزری جاری کردی، ترجمان پی ڈی ایم اے

147
PDMA
PDMA

لاہور۔19مئی (اے پی پی):پی ڈی ایم اے پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر محکمہ صحت نے ہیٹ ویو ایڈوائزری جاری کردی۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کا رواں ماہ ہیٹ ویو کا الرٹ جاری جبکہ درجہ حرارت 45ڈگری تک جانے کا امکان ہے جبکہ21سے 27مئی تک پنجاب کے اضلاع بہاولپور ،رحیم یار خان ،ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو کی لہر شدید ہو سکتی ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم عرفان علی کاٹھیا نے تمام ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کا ئونٹرز قائم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام محکمے ملکر اور باہمی تعاون سے ہیٹ ویو کا مقابلہ کر سکتے ہیں ،اگلے دس دن شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں آنے کی پیشگوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہیٹ ویو سے بچا ئو سے متعلق تمام ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، شہروں اور میدانی علاقوں میں ہیٹ ویو کے شدید خطرات ہیں ، اس سلسلہ میں وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں ضلعی انتظامیہ کو موسمی صورت حال سے آگاہ کر دیا گیا ہے،انتظامیہ عوامی مقامات پر صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائے،ہسپتالوں اور موبائل ہیلتھ یونٹس میں ہیٹ سٹروک سے متعلق ابتدائی طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ گرمی اور لو کی شدت میں اضافے سے عوام کو بھی محتاط رہنا ہو گا۔

دوپہر کے وقت کام کرنے والے لو سے بچنے کا اہتمام کریں۔ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں سر ڈھانپ کر رکھیں اوربچوں بزرگوں کا خاص خیال رکھیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں ۔ انہوںنے کہا کہ پرنٹ سوشل و الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے شہریوں کو ہیٹ ویو بارے آگاہی دی جا رہی ہے،ایمرجنسی میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 یا ریسکیو 1122سے رابطہ کریں۔