محکمہ صحت کیجانب سے سرکاری زمینوں سے متعلق مقدمات اور رقم کے حوالے سے ڈیٹا طلب

5

پشاور۔ 24 جون (اے پی پی):محکمہ صحت خیبرپختونخواکی جانب سے سرکاری زمینوں سے متعلق مقدمات اور رقم کے حوالے سے ڈیٹا طلب کر لیا گیا ہے۔محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے مطابق محکمہ صحت نے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو زمین کے حصول سے متعلق عدالتی فیصلوں کی تفصیلات اور محکمہ صحت کے خلاف عدالتوں کے مقرر کردہ رقم سے متعلق ڈیٹا فوری طور پر فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔اس سلسلے میں محکمہ صحت نے ایک ہنگامی سرکلر جاری کیا ہے

جس کے تحت یہ معاملہ عدالتی نوعیت کا ہے، اس لئے اسے انتہائی فوری بنیادوں پر نمٹایا جائے۔ محکمہ صحت نے تمام متعلقہ افسران سے کہا ہے کہ وہ زمین کے حصول کے مقدمات کی تفصیلات ،جن میں عدالتی فیصلے ہو چکے ہیں یا جو تاحال عدالتوں میں زیر سماعت ہیں ،فراہم کریں۔جاری ہونے والے سرکلر میں یہ بھی بتایا گیاہے کہ خیبر پختونخوا بورڈ آف ریونیو نے بھی تمام انتظامی محکموں سے صوبائی حکومت کے خلاف فیصلہ ہونے والے مقدمات کی تفصیلات اور رقم کا ڈیٹا شیئر کرنے کا ہدف دیا ہے ، محکمہ صحت کے متعلقہ افسران کو اس سلسلے میں گوگل فارم کے ذریعے ڈیٹا جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔