محکمہ صحت کی شہریوں کوشدید گرمی اورسن سٹروک وہیٹ ویوسے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیراختیار کرنے کی ہدایت

108

فیصل آباد ۔ 01 جون (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی فیصل آباد کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر اسفند یار نے شہریوں کوشدید گرمی،سن سٹروک اورہیٹ ویووسے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیراختیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ وہ شدید گرم موسم میں بے جا اور غیر ضروری گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور باہر جانے کی صورت میں ماہرین صحت کی بتائی ہوئی احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہوں۔ایک ملاقات میں انہوں نے بتایا کہ شدید گرم موسم میں ہیٹ ایگزاسٹ،ہیٹ سٹروک اور سن برن کاخدشہ ہوتا ہے جس سے بچنے کیلئے خصوصی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں عوام الناس کو چاہیے کہ باہر کے کام صبح سویرے نمٹالئے جائیں، ڈھیلے ڈھالے ہلکے رنگ کے کپڑے زیب تن کریں، بلا ضرورت گھر سے نہ نکلیں،شہری شدید گرمی کی صورت میں سایہ دار اور کھلی ہوادار جگہ پر آرام کر یں،غسل کریں اورصفائی کا خیال رکھیں۔

اسی طرح شہری سخت گرمی میں مشقت اورورزش سے پرہیز کریں، دھوپ کے چشمے استعمال کریں،دھوپ میں کھڑی بند گاڑی میں نہ بیٹھیں،بچوں کو بند گاڑی میں نہ چھوڑیں،کھانا بھوک رکھ کر کھائیں،کھانے پینے میں احتیاط برتیں،وقفے وقفے سے پانی اور مشروبات پئیں،دھوپ میں نکلتے وقت سر پر کپڑا یا ٹوپی رکھیں، بخار، جسم پر دانے،تیز نبض، غنودگی،شدید پسینہ پیلاہٹ،الٹی،قے،سر درد،گرمی کی شدت سے نڈھال ہوناہیٹ سٹروک کی علامات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہیٹ سٹروک کی صورت میں مریض کو ٹھنڈی ہوادار جگہ پر لٹائیں، تیز بخار کی صورت میں ٹھنڈی پٹیاں کریں،سٹروک سے متاثرہ مریض کو طبیعت سنبھلنے تک پینے کو نہ دیں، طبی مدد کیلئے ہسپتال شفٹ کریں،زیادہ پسینہ آنے کی صورت میں شکنجبین اور نمکول کا استعمال مفیدہے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں تمام ایسے مریضوں کے علا ج کیلئے سہولیات موجود ہیں۔