محکمہ فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈائون، 12 ہزارکلو سے زائد ایکسپائر اشیائے خورونوش تلف

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شہریوں کی صحت کے تحفظ کیلئے بڑا کریک ڈائون کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی12 ہزار481 کلو گرام زائد المیعاد چاکلیٹ، بسکٹس، کیکس، کوکیز، براونی، رس اور دیگر اشیائے خورونوش تلف کر دیں

لاہور۔9جولائی (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شہریوں کی صحت کے تحفظ کیلئے بڑا کریک ڈائون کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی12 ہزار481 کلو گرام زائد المیعاد چاکلیٹ، بسکٹس، کیکس، کوکیز، براونی، رس اور دیگر اشیائے خورونوش تلف کر دیں۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسی رضا کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آپریشنز اسداللہ کی نگرانی میں سندر انڈسٹریل سٹیٹ میں واقع ایک معروف سنیکس یونٹ پر چھاپہ مارا گیا۔ کارروائی کے دوران فریش مصنوعات کے ساتھ بڑی مقدار میں ایکسپائر اشیا ذخیرہ کی گئی تھیں،جس پر یونٹ کو بند کر دیا گیا اور برآمد شدہ مال تلف کر دیا گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسی رضا نے بتایا کہ موقع پر اشیا کی ٹریس ایبلٹی کا ریکارڈ اور ضروری سپلائی دستاویزات موجود نہیں تھیں جبکہ زائد المیعاد اشیا تلف کرنے کیلئے کوئی موثر نظام اور ایس او پیز بھی دستیاب نہیں تھے۔انہوں نے مزید بتایا کہ متعدد مصنوعات رجسٹریشن اور لیبل منظوری کے بغیر فروخت کیلئے رکھی گئی تھیں۔گودام میں صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات،حشرات کی بہتات اور فوڈ ہینڈلرز کے میڈیکل و ٹریننگ سرٹیفکیٹس کی عدم موجودگی بھی پائی گئی۔سابقہ ہدایات پر عملدرآمد نہ ہونے اور فوڈ قوانین کی مختلف خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔سید موسی رضا کا کہنا تھا کہ غیر محفوظ خوراک فروخت کرنے والوں کو قانون کے مطابق سخت نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے احکامات کے مطابق عوام کی صحت اولین ترجیح ہے اور خوراک کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

مزید خبریں