پاکستان سب سے مقدم، سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو ترجیح دینا ہوگی، اوورسیز پاکستانی 2035 تک ایک ٹریلین ڈالر معیشت کے ہدف میں کلیدی کردار ادا کریں، وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان سب سے مقدم ہے، سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو ترجیح دینا ہوگی،اوورسیز پاکستانی 2035 تک ایک ٹریلین ڈالر معیشت کے ہدف میں کلیدی کردار ادا کریں

سان فرانسسکو۔9جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان سب سے مقدم ہے، سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو ترجیح دینا ہوگی،اوورسیز پاکستانی 2035 تک ایک ٹریلین ڈالر معیشت کے ہدف میں کلیدی کردار ادا کریں۔ جمعرات کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق شمالی کیلیفورنیا میں مقیم پاکستانی برادری کے اعزاز میں منعقدہ تعارفی ناشتے کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہماری اصل شناخت کسی جماعت سے نہیں بلکہ پاکستان سے ہے،بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ایک پرچم تلے متحد ہو کر ملک کا مثبت تشخص اجاگر کریں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی برآمدات کے سفیر بنیں ، سرمایہ کاری، علم اور ٹیکنالوجی کے ذریعے وطن کی ترقی میں حصہ ڈالیں اور 2035 تک ایک ٹریلین ڈالر معیشت کے ہدف کے حصول میں کلیدی کردار ادا کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی معاشی خودمختاری کا انحصار برآمدات میں غیر معمولی اضافے پر ہے، 2035 تک 100 ارب ڈالر سے زائد برآمدات کا ہدف قومی معاشی خودمختاری کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے اور اوورسیز پاکستانی مضبوط تجارتی پل بن سکتے ہیں، اُڑان پاکستان کا مقصد پاکستان کو پائیدار اور علم پر مبنی معیشت بنانا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت پاکستان کو مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے عالمی انقلاب کے لئے تیار کر رہی ہے، قومی مراکز برائے اے آئی، سائبر سکیورٹی، بگ ڈیٹا، روبوٹکس اور جینومکس مستقبل کی معیشت کی بنیاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قومی مرکز برائے کوانٹم کمپیوٹنگ قائم کیا جا رہا ہے، امریکا پاکستان نالج کوریڈور کے ذریعے عالمی معیار کی انسانی صلاحیتیں تیار کی جا رہی ہیں، دنیا کی ممتاز جامعات کے ساتھ شراکت داری پاکستان کی ترقی کو نئی رفتار دے گی۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اپنی صلاحیت، تجربے، سرمایہ کاری اور عالمی روابط سے قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں، ہر پاکستانی اُڑان پاکستان کے قومی مشن میں اپنا کردار ادا کرے، دنیا ہمیں سیاسی وابستگیوں سے نہیں بلکہ پاکستانی شناخت سے پہچانتی ہے، پاکستان کا وقار اور مثبت تشخص ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ٹیم پاکستان کے جذبے کے ساتھ متحد ہو کر ہی ترقی اور خوشحالی کا خواب پورا کیا جا سکتا ہے، اُڑان پاکستان کے تحت برآمدات، جدت، جدید ٹیکنالوجی اور انسانی وسائل کی ترقی کو قومی ترجیح دی جا رہی ہے۔ اس موقع پر شمالی کیلیفورنیا کی پاکستانی برادری نے پاکستان کی ترقی کے لئے سرمایہ کاری، علم اور ٹیکنالوجی تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔تقریب کے شرکاء نے ’’پاکستان سب سے مقدم‘‘ کے پیغام کو بھرپور سراہا اور قومی ترقی میں شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا۔