محکمہ لائیو سٹاک نے تمام منصوبے مویشی پال حضرات، کسانوں، کاشتکاروں کی مشاورت سے بنانے اور ان پر عملدرآمد کاآغاز کردیا

385
Department of Livestock
Department of Livestock

فیصل آباد۔ 16 فروری (اے پی پی):سیکرٹری محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب کی ہدایت پرمحکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے تمام منصوبے مویشی پال حضرات، کسانوں، کاشتکاروں کی مشاورت سے بنانے اور ان پر عملدرآمد کیلئے اقدامات کاآغاز کردیاہے تاکہ ان کے بہترین نتائج حاصل کرتے ہوئے دودھ وگوشت کی پیداوار میں زبردست اضافہ یقینی بنایاجاسکے۔

ڈویژنل ڈائریکٹرمحکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد ڈاکٹر سید ندیم بدر نے بتایاکہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں پہلے مرحلہ میں مویشیوں، مرغیوں اور دیگر پرندوں و جانووں میں مہلک امراض کی روک تھام کیلئے وسیع پیمانے پر حفاظتی ٹیکے لگانے کا کام مکمل کیا جا رہا ہے اور کئی علاقوں میں دوسرے مرحلہ میں بھی خصوصی مہم جاری ہے۔انہوں نے مذکورہ خصوصی مہم کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ویکسی نیشن مہم کے مکمل ہونے پر نہ صرف محکمہ لائیو سٹاک کی عزت ووقار میں اضافہ ہو گا بلکہ پالتو جانور پالنے والے کسانوں کو بھی بے انتہا فائدہ پہنچے گا۔

انہوں نے مزیدبتایا کہ محکمہ لائیو سٹاک کے تمام منصوبے کسانوں، کاشتکاروں اور عوام کی مشاورت سے ہی بنائے جائیں گے جن پر عملدرآمد کیلئے اعلیٰ سطح پراقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے محکمہ کے افسران اور دیگر سٹاف کی شبانہ روز کاوشوں اور مسلسل کام کرنے پر ان کی کارکردگی کو سراہااور کہاکہ محکمانہ کوششوں سے مقررہ اہداف حاصل کرنے میں مدد ملے گی اور ملک دودھ و گوشت کی پیداوار میں خود کفیل بھی ہو سکے گا۔ انہوں نے کہاکہ پالتو جانوروں کو بیماریوں سے بچانے کی مہم سے کسانوں اور کاشکاروں کے معاشی حالات بھی بہتر ہوں گے۔