محکمہ لائیو سٹاک نے عوام کو بہترین و بیماریوں سے پاک معیاری گوشت کی فراہمی کیلئے خصوصی اقدامات کاآغازکردیا

231
Department of Livestock
Department of Livestock

فیصل آباد۔ 06 نومبر (اے پی پی):محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے عوام کو بہترین اور بیماریوں سے پاک صحتمندومعیاری گوشت کی فراہمی کیلئے خصوصی اقدامات کاآغازکردیا ہے جبکہ اس ضمن میں کٹڑے بچاؤ کے عنوان سے ایک مہم بھی شروع کی گئی ہے تاکہ دیہاتی افراد و مویشی پال حضرات محکمانہ سفارشات پرعملدرآمد کرتے ہوئے صحت مند، معیاری اور بھرپور گوشت کی پیداوار کاحصول ممکن بناسکیں۔

ڈائریکٹر لائیو سٹاک فیصل آباد ڈاکٹرحیدر علی خان نے بتایاکہ گاؤ ں اور دیہاتوں میں موجود کسان بھینسوں کے چھوٹے کٹڑوں کو نہ تو مناسب خوراک مہیاکرتے ہیں اور نہ ہی ان کی دیکھ بھال سمیت موسمی و متعدی اور موذی امراض سے بچاؤ کیلئے حفاظتی ٹیکے لگوانے کاعمل مکمل کیاجاتاہے۔

انہوں نے بتایاکہ مذکورہ وجوہات کی بنا پر چھوٹے کٹڑے مناسب افزائش نہیں کر پاتے اور کم عمری میں ہی مختلف بیماریوں کے باعث لاغر ہو کر یاتو مر جاتے ہیں یاانہیں ذبح کرلیاجاتاہے ،اس طرح ان کا گوشت حفظان صحت کے مقررہ معیار کے مطابق نہیں ہوتا۔ انہوں نے بتایاکہ بیمار گوشت کے استعمال سے عوام بھی مختلف امراض کاشکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ حکومت پنجاب نے اس مسئلہ کے حل کیلئے صوبہ بھر میں کٹڑے بچاؤ مہم کاآغاز کردیاہے،

اس مہم کے تحت ضلع اور تحصیل کی سطح پر مویشی پال حضرات اپنی بھینسوں اور ایک ماہ کے کٹڑوں کو محکمہ لائیو سٹاک کے قریبی طبی مراکز پر رجسٹرڈ کروائیں گے جہاں ویٹرنری ہسپتالوں و ڈسپنسریز کاعملہ انہیں مفت ادویات فراہم کرے گا۔ انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں مزید معلومات و رہنمائی کیلئے محکمہ لائیوسٹاک کی فری ہیلپ لائن 9211سے بھی استفادہ کیا جاسکتا ہے۔