لاہور۔1مارچ (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پرمحکمہ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے *”صاف ستھرا پنجاب”* مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے تمام مقامی حکومتوں اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو مراسلے جاری کیے جا چکے ہیں۔
وزیر اعلی ٰپنجاب کی ہدایت کے مطابق محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجاب 1مہینے میں پنجاب بھر میں صفائی کو یقینی بنائے گا۔ ترجمان کے مطابق صاف ستھرا پنجاب مہم یکم مارچ سے 31مارچ تک جاری رہے گی۔ڈی جی لوکل گورنمنٹ صاف ستھرا پنجاب مہم کے فوکل پرسن بھی ہوں گے۔ صاف ستھرا پنجاب مہم کے تحت کھلی جگہوں سے کوڑے کے ڈھیر مکمل طور پر ختم کر دیئے جائیں گے۔
صفائی مہم کے دوران سبزی منڈیوں، مارکیٹوں، بس ٹرمینلزاور قبرستانوں کو کوڑا کرکٹ سے پاک کیا جائیگا۔پنجاب بھر میں یو سی کی سطح پر آگاہی کیمپ لگائے جائیں گے۔گھر گھر جا کر لوگوں کو صفائی سے متعلق آگاہ کیا جائیگا۔ سکولوں اور کالجوں میں صفائی سے آگاہی کے لیے لیکچرز کا اہتمام کیا جائے گا۔