مختلف اضلاع میں منتخب ادویاتی پودوں کے نمائشی پلاٹس پرسبسڈی دینے کا فیصلہ

85
ایسوسی ایٹیڈ پریس آف پاکستان

فیصل آباد ۔ 04 دسمبر (اے پی پی):فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال، خانیوال، ملتان، بہاولپورکے اضلاع میں منتخب ادویاتی پودوں تلسی،اسپغول،کلونجی،اجوائن،السی اور سونف وغیرہ کے نمائشی پلاٹ لگانے کیلئے کاشتکاروں کو کھادوں، بیجوں،زرعی زہروں اور دیگر عوامل کی فراہمی پر سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا گیاہے کہ حکومت مذکورہ اضلاع میں تلسی،اسپغول،کلونجی،اجوائن،السی اور سونف کے ادویاتی پودوں کی تحقیق و ترویج کا منصوبہ شروع کرنے کیلئے تمام ممکن معاونت کی فراہمی یقینی بنائے گی۔

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان کے مطابق نیم، مورنگا اور ادویاتی پودوں سے خوشبو دار تیل نکالنے اور ان پر تحقیق کیلئے مشینری کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات کا آغاز کیاجارہاہے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ کیلئے ضروری ہوگا کہ کاشتکار کو ادویاتی پودوں کی کاشت کا تجربہ اور وہ نمائشی پلاٹ لگانے کیلئے رضامند ہو۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ کاشتکار کیلئے ٹیکنالوجی کو اپنانے کیلئے پیداواری وسائل، زمین، پانی اور افرادی قوت کا ہونا بھی لازمی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار محکمہ زراعت کے ساتھ معاہدہ کے مطابق نمائشی پلاٹس پر سفارش کردہ طریقوں کو اپنانے کا پابند ہوگا جسے محکمہ زراعت کے حکام،فیلڈ سٹاف اور دیگر ماہرین زراعت کی جانب سے مکمل رہنمائی فراہم کی جائے گی۔