مختلف بلز پر دوبارہ مشاورتی عمل شروع کرنے اور قانون سازی کی متفقہ کمیٹی کے فورم کو بروئے کار لایا جائے،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

180

اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ الیکشن (ترمیمی) بل 2021ء سمیت مختلف بلز پر دوبارہ مشاورتی عمل شروع کرنے اور قانون سازی کے لئے تشکیل دی گئی متفقہ کمیٹی کے فورم کو بروئے کار لایا جائے، ان بلوں پر اتفاق رائے پیدا کرنے میں سپیکر آفس حکومت اور اپوزیشن کو سہولت فراہم کرے گا ۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ اپوزیشن اور حکومت کو وسیع تر قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے مشترکہ مفادات کی تمام اہم اصلاحات پر پارٹی سیاست سے بالاتر ہوکر جامع فیصلہ سازی اور اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے آگے بڑھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وسیع تر عوامی مفاد میں الیکشن (ترمیمی) بل 2021ء سمیت مختلف بلز پر دوبارہ مشاورتی عمل شروع کرنے اور قانون سازی کے لئے تشکیل دی گئی متفقہ کمیٹی کے فورم کو بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے اپوزیشن لیڈر سے کہا کہ اس ضمن میں انہیں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ مختلف بلز بشمول الیکشن (ترمیمی) بل 2021ء قومی اسمبلی سے منظور ہو چکے ہیں لیکن مقررہ مدت کے اندر سینٹ سے وہ منظور نہیں ہو سکے، اس بنا پر یہ بل مجلس شوریٰ کے مشترکہ اجلاس میں زیر غور آنے ہیں۔

ان بلوں پر غور کرنے اور ترامیم تجویز کرنے کے لئے حکومت اور اپوزیشن کے اتفاق رائے سے قانون سازی سے متعلق متفقہ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی مگر کمیٹی کی طرف سے مشاورتی عمل مکمل نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ اپوزیشن لیڈر اس عمل کو بامقصد بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ سپیکر آفس مذکورہ بلوں پر اتفاق رائے پیدا کرنے میں حکومت اور اپوزیشن کو سہولت فراہم کرے گا۔