اسلام آباد ۔ 14 مارچ (اے پی پی)قومی اسمبلی کے حلقے این اے 38ڈیرہ اسماعیل خان سے گذشتہ انتخابات میں آزاد حثیت سے حصہ لینے والے امیداوار مخدوم محمد علی رضا شاہ نے وفاقی وزیر امو ر کشمیر وگلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپورسے اسلام آباد میں ملاقات کی اور تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ۔اس موقع پر وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور نے مخدوم محمد علی رضا شاہ کو تحریک انصاف میں شمولیت پر مبارکباد پیش کی اور ان کی تحریک انصاف میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت تحریک انصاف اور وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر عوام کے بھرپور اعتماد کا اظہار ہے ، مخدوم علی رضا شاہ کی شمولیت سے تحریک انصاف ڈیرہ اسماعیل خان میں اور بھی مضبوط ہو گی۔ اس موقع پر ڈیرہ اسماعیل خان کی ترقی و خوشحالی کے لیے مل کر چلنے کا عزم کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے تمام شہری اور دیہاتی علاقوں میں پینے کے صاف پانی، تعلیم و صحت کی سہولیات ،روزگار کی فراہمی ، نکاسی آب اورکم وولٹیج کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیحات ہیں ، حلقے کے عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے وہ اپنی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں ۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ملک میں معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور آئندہ مالیاتی سال میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے خاطر خواہ فنڈز دستیاب ہوں گے جس سے ڈیرہ اسماعیل خان کے عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنے میں بھرپور مدد ملے گی ۔انہوں نے مخدوم محمد علی رضا شاہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کے بنیادی مسائل کی نشاندہی کریں جن کے حل کے لیے ان سے تمام تر تعاون کیا جائے گا ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مخدوم محمد علی رضا شاہ نے ایک درست اور حقیقی سیاسی جماعت میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے اور عمران خان کی صورت میں اس کی قیادت ایماندار اور محب وطن ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان کو نہ صرف پاکستان کی عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں بلکہ بین الاقوامی دنیا میں بھی ان کو ا نتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ، انہوں نے کہا کہ اسی قابل اعتماد قیادت کے باعث پوری دنیا میں پاکستان کے عزت و وقار میں زبردست اضافہ ہوا ہے اور پاکستان بین الاقوامی تنہائی سے باہر نکل کر ایک تاریخی کامیاب سفارتکاری کے راستے پر گامزن ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے نہ صرف افغان امن معاہدے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے بلکہ امت مسلمہ کو اکھٹا کرنے میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہاہے ، انہوں نے کہا کہ عوام کے بنیادی مسائل کا ادراک رکھنے والی ایسی قیادت کی سیاسی جماعت میں شمولیت ایک سیاسی کارکن اور رہنما کے لیے بڑی اہم اور اعزاز کی بات ہے جس کی بدولت وہ خلوص نیت سے عوام کی خدمت کا فریضہ سرانجام دے کر ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکتا ہے ۔مخدوم محمد علی رضا شاہ نے تحریک انصاف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ تحریک انصاف کی قیادت سے بے حد متاثر ہیں اور عوام کے مسائل کے حل کے ضمن میں تحریک انصاف کے کردارکو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے انہوں نے تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے ، مخدوم محمد علی رضا شاہ نے کہا کہ وہ ڈیرہ اسماعیل خان کے عوام کے مسائل کے حل اور ڈیرہ میں تحریک انصاف کو مضبوط سے مضبوط تر کرنے میں علی امین گنڈاپور کا بھرپور ساتھ دیں گے ۔ مخدوم محمد علی رضا شاہ کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر ان کے ساتھیوں سمیت علاقے کی معززین کی کثیر تعداد موجود تھی اس موقع پر دعا کی گئی اور وفاقی وزیر نے مخدوم محمد علی رضا شاہ اور تحریک انصاف میں شمولیت حاصل کرنے والے دیگر سیاسی کارکنوں کو تحریک انصاف کے پارٹی مفلر اور ٹوپیاں پیش کیں ۔مخدوم محمد علی رضا شاہ نے گذشتہ انتخابات میں این اے 38 سے آزاد امیدوار کی حثیت سے حصہ لیا تھا اور تقریبا 18 ہزار ووٹ حاصل کیے تھے ۔