مدینہ منورہ پہنچنے والے عازمین حج کی تعداد2 لاکھ 79 ہزار ہے، سعودی وزارت حج وعمرہ

ریاض۔2جولائی (اے پی پی):سعودی وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ حج سیزن کے آغاز سے اب تک 2 لاکھ79ہزار عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔

عازمین حج میں فضائی اور بری راستوں سے آنے والے عازمین شامل ہیں۔سعودی خبررساں نے وزارت حج کے حوالے سے بتایا ہے کہ رواں سال حج سیزن کے دوران اب تک سب سے زیادہ بنگلہ دیشی عازمین حج شہر مقدس میں موجود ہیں جن کی تعداد12 ہزار411 جبکہ 6595بھارتی اور 6433 ایرانی ہیں ۔

وزارت حج وعمرہ کی جانب سے جاری رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اب تک زیارت مدینہ کرنے کے بعد 2 لاکھ 65 ہزار130 عازمین حج مکہ مکرمہ پہنچ چکے جو حج تک وہاں قیام کریں گے۔اس وقت مدینہ منورہ میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 79 ہزار451 عازمین حج موجود ہیں ۔

وزارت کے مطابق مزید آنے والے عازمین کو مختلف مراحل میں ایام حج یعنی 7 ذوالحجہ تک مکہ مکرمہ پہنچا دیا جائے گا جو وہاں سے فریضہ حج ادا کرنے کےلیے منی روانہ ہوں گے۔