اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی): نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑنےمعاشرے کو عدم برداشت سے پاک کرنے اور بھائی چارے کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذہبی رواداری اور ہم آہنگی قائداعظم محمد علی جناح کے سنہری اصول ہیں جو پاکستان کی بنیاد ہیں اور ہمارے لیے مشعل راہ ہیں،غریب طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے بوہرہ کمیونٹی کی خدمات قابل تعریف ہیں۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہزادہ حسین برہان الدین کی سربراہی میں بوہرہ کمیونٹی کے وفد سے گفتگوکرتےہوئے کیاجنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں حسین برہان الدین نے وزیراعظم کو اپنے والد اور بوہرہ کمیونٹی کے روحانی پیشوا سیدنا ڈاکٹر مفضل سیف الدین کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا ۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ مذہبی رواداری اور ہم آہنگی قائداعظم محمد علی جناح کے سنہری اصول ہیں جو پاکستان کی بنیاد ہیں اور ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ ملاقات میں وزیراعظم نے معاشرے کو عدم برداشت سے پاک کرنے اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا ۔ وزیراعظم نے سماجی، فلاحی، تعلیمی، معاشی اور دیگر شعبوں میں بوھرہ کمیونٹی کی خدمات کو سراہا۔ وفد نے وزیراعظم کو کراچی میں بوہرہ کمیونٹی کے زیر تعمیر ہسپتال کے بارے میں آگاہ کیا ۔
وزیراعظم نے کہاکہ غریب طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے بوہرہ کمیونٹی کی خدمات قابل تعریف ہیں۔ وفد نے وزیراعظم کو بوہرہ کمیونٹی کے مختلف جاری منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا جن میں کراچی میں زیر تعمیر امراض قلب کے علاج کے لیے ہسپتال سر فہرست ہے۔ وزیراعظم نے ملاقات میں متعلقہ حکام کو بوہرہ کمیونٹی کے ساتھ تعاون اور ان کو مکمل سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی۔