پشاور۔ 13 اگست (اے پی پی):یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس مردان میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر برائے سوشل ویلفیئر سید قاسم علی شاہ تھے۔ صوبائی وزیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی طلبہ قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں، جنہیں مواقع فراہم کرکے معاشرے کا فعال اور مثبت کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ان طلبہ کی صلاحیتوں، عزم اور حب الوطنی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر نے حالیہ ایس ایس سی امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے خصوصی طلبہ کو انعامات اور شیلڈز سے نوازا۔ تقریب میں خصوصی طلبہ و طالبات نے ملی نغمے، تقاریر اور خوبصورت ٹیبلو پیش کرکے شرکاء کے دل جیت لیے۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر حناء خان نے بھی تقریب میں شرکت کی اور اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس و محکمۂ تعلیم کی اس کاوش کو سراہا۔