راولپنڈی۔ 17 اپریل (اے پی پی):مرکزی تنظیم تاجران راولپنڈی کے صدر شرجیل میر کی قیادت میں مرکزی زری ایسوسی ایشن راولپنڈی کے عہدیداران کے وفد نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کے کمشنر خالد یامین سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔وفد میں مرکزی زری ایسوسی ایشن راولپنڈی کے صدر رشید خان رانا شہزاد ،مرکزی تنظیم تاجران کے نائب صدر یاسر مغل ،جبار خان و دیگر موجود تھے۔ اس موقع پرشرجیل میر نے کہا ہے کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کی جانب سے صارفین کو دی جانے والی سروسز سہولیات کی فراہمی پر ٹیکس وصولی کے لیے دئیے جانے والے نوٹسز پنجاب بھر کے زری کاروبار سے منسلک ہزاروں تاجروں کو متاثر کیا ہے ۔
نوٹسز میں صارف پر سروسز کے نام سے 5 فیصد ٹیکس وصولی کے لیے ہدایات سے نہ صرف صارف پر اضافی مالی بوجھ بڑھے گا بلکہ کاروبار بھی بری طرح متاثر ہوگا۔نوٹسز جاری کرنے کا سلسلہ 3 سال قبل شروع ہوا ۔ قبل ازیں بھی ہماری دکانیں بغیر کسی نوٹسز کے سر بمہر کی جا چکی ہیں حالانکہ نوٹسز اجراء اور دکانیں سر بمہر کے معاملے میں قوائد و ضوابط کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا گیا نہ نوٹسز اجراء سے قبل سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا گیا، انہوں نے کہا کہ سروسز ٹیکس ڈیزائنرز کے حوالے سے ہے،زری کے کاروبار سے منسلک تاجر تو کپڑا خریدتے ہیں اور اسے صارف کو فروخت کرتے ہیں ۔
یہ ٹیکس بوتیک یا کارخانوں پر لا گو ہو گا لیکن پنجاب ریونیو اتھارٹی بلاوجہ زری کے کاروبار سے منسلک تاجروں کو اس ٹیکس میں شامل کر رہی ہے ۔جس پر پنجاب ریونیو اتھارٹی کے کمشنر خالد یامین نے کہا ہے کہ ہم سروسز ٹیکس کے لاگو ہونے کے متعلق پوری تحقیق کرنے کے بعد نوٹسز جاری کر رہے ہیں اس کے باوجود نوٹسز اجراء کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا اور دکانداروں کے جائز تحفظات کو دور کیا جائے گا جس پر وفد نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583731