مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف احمد جواد کا مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل

87

اسلام آباد ۔ 9 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد نے کہا ہے کہ سماجی بہبود کے کاموں کا مذاق اڑانا (ن) لیگ کا پرانا وطیرہ ہے، اس ٹولے نے شوکت خانم جیسے ادارے کو معاف نہیں کیا لنگر خانے ان کے شر سے کیسے بچیں گے، کروڑوں لوگوں کا رزق اپنی تجوریوں میں بھرنے والا بے رحم ٹولہ ’لنگر‘ کے اجراءپر سیخ پا ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب کے بیان پر اپنے ردعمل میں کیا۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کے اخلاقی دیوالیہ پن کا عالم یہ ہے کہ یہ جماعت غریب شہریوں کو دو وقت کا کھانا ملتے ہوئے نہیں دیکھ سکتی۔ اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی بی جن کروڑوں لوگوں کو آپ کے قائد نے دو وقت کی روٹی سے محروم کیا تحریک انصاف کی حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں انہیں کھانا دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نون لیگ نے اپنے دور حکومت میں عوام سے روزگار چھیننے اور اربوں چوری کرنے کی بجائے مرغیاں اور انڈے ہی تقسیم کئے ہوتے تو پاکستان کی حالت بہتر ہوتی۔