مری۔ 08 اکتوبر (اے پی پی):ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ مری کے زیرِ اہتمام 8 اکتوبر کو نیشنل ریزیلنس ڈے (آفات سے بچاؤ کی آگاہی کا قومی دن) منایا گیا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر کامران رشید نے کہا کہ اس کا مقصد عوام الناس میں ناگہانی آفات سے نمٹنے کے لیے شعور پیدا کرنا ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتِ حال کا بہتر طریقے سے سامنا کیا جا سکے اور جانی و مالی نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے، ریسکیو اہلکار کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہر دم تیار ہیں ۔
اس سلسلے میں مال روڈ جی پی او چوک سے مرحبا چوک تک واک منعقد کی گئی جس میں ریسکیو اہلکاروں،ریسکیو سکاؤٹس، طلبہ،سول سوسائٹی سمیت شہریوں نے شرکت کی، اس کے ساتھ ساتھ ریسکیو 1122سنٹرل اسٹیشن و دیگر اسٹیشنز اور عوامی مقامات پر سیمینار منعقد کیے گئے جس میں8 اکتوبر 2005 کے زلزلہ متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کی گئی اور سانحہ میں امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
ریسکیو 1122 کے جوان ایسی ناگہانی صورت حال سے نبردآزما ہونے کیلیے ہر وقت تیار رہتے ہیں، قدرتی آفات کی صورت میں موثر احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے جانی و مالی نقصان کو کم سے کم کیا جا سکتا ہے، جس کے لیے کمیونٹی سیفٹی وینگ ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ مری عوام الناس کو آگاہی اور مفت تربیت دینے میں ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔ریسکیو 1122 کے جوان روزِ اول کی طر ح اپنے معیار کو بر قرار رکھتے ہوئے عوامی خدمت کے سفر کو پورے جذبے کیساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں۔