مریم اورنگزیب کی رکن صوبائی اسمبلی بلال تارڑ کے ڈیرے پر فائرنگ کی مذمت

اسلام آباد۔26مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے گوجرانوالہ میں رکن صوبائی اسمبلی بلال تارڑ کے ڈیرے پر پی ٹی آئی کی طرف سے فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلال تارڑ پر قاتلانہ حملہ عمران خان کے حکم پر کیا گیا، اللہ کا شکر ہے کہ بلال تارڑ کی جان محفوظ رہی، معیشت کی جان لینے والے اب سیاسی مخالفین کی جان لینے پر اتر آئے ہیں، اپنے لئے وزیراعظم کی سیکورٹی کی بھیک مانگنے والے عمران نیازی دوسروں کی جان لینے کے درپے ہیں۔

جمعرات کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو آگ لگانے والوں کے دل سیاسی انتقام کی آگ میں جل رہے ہیں، گالیاں دینے والے اب گولیاں چلانے پر اتر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے فسادی مارچ میں عبرتناک رسوائی سمیٹنے کے بعد دہشت گردی کی راہ اختیار کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت اور عوام کے خلاف معاشی دہشت گردی کرنے والوں کی فسادی سیاست عوام نے دفن کر دی ہے۔

مریم اورنگزیب نے بلال تارڑ اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاسی مخالفین کی جان لینے کی منفی سوچ چھوڑیں، ملک اور عوام کے خلاف اپنے جرائم پر اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں۔