اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ مریم صفدر اور بلاول بھٹو سانحہ مچھ شہداءکی لاشوں پر سیاست کر رہے تھے، ان لوگوں نے اپنی سیاست چمکانے کیلئے وزیراعظم عمران خان کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی، وزیراعظم عمران خان وعدے کے مطابق کوئٹہ گئے اور انہوں نے شہداءکے لواحقین کی دادرسی کی۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مظلوموں کی آواز بننا وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے، جن طبقات کے لوگوں کی کوئی نہیں سنتا وزیراعظم ان کی آواز بلند کرتے ہی، وزیراعظم عمران خان کو سانحہ مچھ پر بہت زیادہ تکلیف ہے، بدقسمتی سے اپوزیشن نے سانحہ کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ ن لیگ کے دور حکومت میں لاہور میں ماڈل ٹاﺅن میں دن دیہاڑے نہتے لوگوں کو قتل کیا گیا لیکن نواز شریف، شہباز شریف اور مریم صفدر لواحقین کی دادرسی کیلئے ان کے پاس نہیں گئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا بحران کے دوران لاک ڈاﺅن کے حوالے سے اکیلے دباﺅ برداشت کیا، انہوں نے معاشی سرگرمیوں کو معطل نہیں کیا اور احساس پروگرام کے ذریعے مستحقین تک امداد بھی پہنچائی، ان کے فیصلوں کے نتائج آج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں، تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ارب سے زیادہ ہماری چھ مہینے کی برآمدات برطانیہ کو ہوئی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ ماضی میں چینی کی قیمت 140 روپے تک گئی تھی، وزیراعظم عمران خان نے چینی کی قیمت میں کمی لانے کیلئے دن رات محنت کی، وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو چینی درآمد کریں، قیمت برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان میں طاقتور لوگوں نے شوگر ملیں لگائیں جس کی ذمہ دار سابقہ حکومتیں ہیں، کمپی ٹیشن کمیشن نے شوگرملز مالکان پر اربوں روپے کے جرمانے کئے جن میں سے صرف چند کروڑ ریکوریاں ہوئیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے ملی بھگت سے کمپی ٹیشن کمیشن پر گیارہ سال سٹے آرڈر لیا ہوا تھا، تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے کے بعد سٹے آرڈر ختم کرایا ہے، حکومت ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کر رہی ہے۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا سابقہ حکومتوں نے کسانوں کو نظرانداز کیا جس کی وجہ سے ملک میں زراعت کی پیداوار میں اضافہ نہ ہوا، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسانوں کے اکاﺅنٹ میں رقم پہنچائی جا رہی ہے۔