اسلام آباد۔12جولائی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ مریم صفدر اور ان کے ابو نواز شریف اور مودی کے بیانیے میں کوئی فرق نہیں ،نواز شریف کے بھارت نواز بیانیے کو ملک کے اندر مریم آگے بڑھا رہی ہے ، اداروں اور ان کے سربراہوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے ، مریم صفدر ڈان لیکس کی خالق ہیں ،
بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے پکڑے جانے پر ان کی زبان بند ہو تی ہے ، مودی کے حلف پر جاتے ہیں تو مودی کو خوش کرنے کے لئے کشمیری حریت راہنمائوں کو نہیں ملتے اور بھارتی اداکاروں کو ملتے ہیں۔شادی کی تقریب میں مودی کو تو بلایا جاسکتا ہے لیکن حریت راہنمائوں کو نہیں ، نواز شریف لندن میں بیٹھ کر الطاف حسین ٹو بنے ہوئے ہیں ،یہ تو مودی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت اور بھارتی اداکاروں سے تو ملتے تھے لیکن مودی کے کہنے پر یہ حریت راہنمائوں سے نہیں ملے تھے ۔
پیر کو اپنے ٹویٹ اور میڈیا سے گفتگو میں وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ نواز شریف کا بیانیہ اقتدار میں آکر لوٹ مار کرنا ہے ،منی لانڈرنگ اور جعلی اکائونٹس ان کی پہچان ہیں ، نواز شریف کا بیانیہ صرف شریف خاندان کی دولت میں ترقی ہے،
عوام ان کے دور میں غریب سے غریب تر ہوئے ،ن لیگ کے دور میں 2 کروڑ سے زائد بچے سکولوں سے باہر تھے ، ان کا بیانیہ یہ ہے کہ پیسہ لگا کر اقتدار میں آئے ، اقتدار میں آکر پیسہ ڈبل کرو ، جب کوئی پوچھے تو اسے انتقامی کارروائی قرار دیدو ،’’کھاتا ہے تو لگاتا بھی ہے ‘‘کا پیغام انہوں نے ملک میں دیا ، عوام ان کے اس بیانیے کے ساتھ نہیں ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ بیانیہ وہ ہوتا ہے جو ملک کے اندر بیٹھ کر ملکی سالمیت اور ترقی کا ہو ،اگر ملک میں کوئی بیانیہ چل رہا ہے تو وہ عمران خان کا بیانیہ ہے ، عمران خان نے ملکی مفاد میں ’’ ایبسلوٹلی ناٹ ‘‘(ہرگز نہیں) کہا ، عمران خان کشمیر یوں کے سچے وکیل اور سفیر بنے ،انہوں نے مودی اور آر ایس ایس کی ہندوتوا سوچ کو بے نقاب کیا ۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ملک کے اندر حملہ کرائے یا کلبھوشن یادیو پکڑا جائے تو ن لیگ کی طرح خاموش نہ رہیں بلکہ کھل کر دنیا کو بتائیں کہ بھارت ہمارے ملک کے اندر حملے کروا رہا ہے ۔
وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ ان کے گھر شادی پر مودی آتے ہیں ، آج کشمیری عوام ان سے پوچھ رہے ہیں کہ انہوں نے حریت راہنمائو ں کو بھی شادی پر بلایا یا کشمیر کی آزادی کے حوالے سے بات کی یا بھارتی فوج کے کشمیریوں پر ظلم و جبر پر پوچھا تھا ، یہ تو مودی کی حلف برداری کی تقریب میں جاتے تھے ، بھارتی اداکاروں سے ملتے تھے اور مودی کے کہنے پر یہ حریت راہنمائوں سے نہیں ملتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ مریم صفدر آج کشمیر کی نام نہاد چمپئن بنی پھرتی ہیں ،کبھی پنجاب ،سندھ ، سوات کی بیٹی بن جاتیں ہیں ،ان کا کوئی ایک روپ نہیں ،مریم سرٹیفائیڈ جھوٹی ہیں جو کہتی تھیں کہ لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں ہے ، آج کس منہ سے عمران خان پر تنقید کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے بھارت نواز بیانیے کو ملک کے اندر مریم آگے بڑھا رہی ہے ، اداروں اور ان کے سربراہو ں کو نشانہ بنایا جارہا ہے ،نواز شریف لندن میں بیٹھ کر الطاف حسین ٹو بنے ہوئے ہیں، وہ سرحدوں پر شہید ہونے والے کتنے لوگوں کے گھروں میں گئے ہیں ،
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کی قربانیاں ہیں ،افواج پاکستان کے جوانوں نے قربانیاں دیں ہیں ، ان قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔