لاہور۔11ستمبر (اے پی پی )مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنماءمریم نواز شریف نے کہا ہے کہ 17 ستمبر کو این اے 120 کے ضمنی انتخابات میں مخالفین کے جلسے کی خالی کرسیوں کی طرح بیلٹ باکس بھی خالی نکلیں گے اور ہر طرف شیر بولے گا‘ عوام یہ فیصلہ کریں گے کہ پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ سازشی کریں گے یا کروڑوں ووٹوں سے منتخب ہونیوالا وزیر اعظم‘ 17 ستمبر کو لگنے والی عوام کی جے آئی ٹی میں مدعی اور منصف عوام ہوں گے اور عوامی عدالت کا فیصلہ سب کو ماننا پڑیگا‘ وہ پیر کے روز الحمراءہال میں مسلم لیگ (ن) پروفیشنل ونگ کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہی تھیں‘ اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری‘ صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر‘ ٹیسٹ کرکٹر وہاب ریاض‘ خواجہ شاہ زیب اکرم سمیت دیگر لیگی رہنماءبھی موجود تھے‘ مریم نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ملک کے کونے کونے میں پھیل رہی ہے جو ہمارے لئے فخر کی بات ہے‘ انہوں نے کہا کہ میں نے سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لے کر خاندانی روایات کو تبدیل کیا‘ میرے والد نواز شریف کی جلاوطنی کے دوران میری والدہ نے ایک آمر کیخلاف تنہا جدوجہد کی جس کی مثال نہیں ملتی