مریم نواز کی عمران خان کے بارے میں رائے بالکل درست ہے،وفاقی وزیر اطلاعات

147
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب

اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے کہ "صُمّم بُکْم عُمْی فَھُمْ لَا یَرْجِعُوْن۔ (البقرة:١٨)” بہرے ہیں، گونگے ہیں، اندھے ہیں اب یہ نہیں پلٹیں گے۔

اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ مریم نواز کی عمران خان کے بارے میں رائے بالکل درست ہے۔ بدقسمتی سے ہمیں یہ معذرت خواہانہ عذر بیان اور ایک ایسے شخص کا نام مجبوراًلینا پڑتا ہے جو خواتین کو کم تر مخلوق سمجھنے کی ذہنی بیماری میں مبتلا ہے اور ہر روز کم ظرفی کے ایک نئے پاتال میں اتر جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہر بار یہی ثابت کیا کہ وہ عورتوں کی توہین، تحقیرکرتا ہے، اُن کی عزت واحترام سے نابلد ہے، اُنہیں محض اشیاءسمجھ کربدکلامی ہی نہیں، ہراساں بھی کرتا ہے۔

عمران خان نے اپنی جماعت اور حامیوں میں یہی بیمار ذہنیت پھیلائی اور ُاس کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ یہ امرخاص طور پر نہایت مایوس کُن اور افسوسناک ہے کہ پی ٹی آئی کی خواتین لیڈرز اور حامی اِس رویے کو درست قرار دے کر نہ صرف اس پر کاربند بلکہ جشن بھی منارہی ہیں۔

یہ نہایت شرمناک اور اس امر کی حقیقی جھلک ہے کہ عمران خان درحقیقت کس قدر چھوٹا آدمی ہے۔